Urdu News

روس کے بین الاقوامی ایئر شو میں سارنگ کی ایروبٹک ٹیم نے اپناشاندارمظاہرہ کیا

سارنگ کی ایروبٹک ٹیم

ہندوستان کے جانبازوں نے آسمانی قلابازی دکھا کر روسیوں کو حیرت میں ڈال دیا

صدر ولادیمیر پوتن نے بھی ہندوستانی فضائیہ کی ایروبٹک ٹیموں کی کارکردگی کا بھی مشاہدہ کیا

روس کے زکووسکی ایئر پورٹ پر منگل کے روز سے شروع ہوئے  15 ویں اسپیس سیلون ماکس -2021 انٹرنیشنل ایئر شو میں سارنگ کی ہندوستانی فضائیہ کی ایروبٹک ٹیم نے پہلی بارایروبٹکس کا مظاہرہ کیا۔ آسمانی قلابازی دکھانے کے لئے ایئرو کارنیول کوبڑی دھوم دھام  کے ساتھ جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔ ہندوستان کے جانبازوں نے ہوا ئی قلابازی کامظاہر ہ کرکے روسیوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ یہ دو سالہ ایئر شو 25 جولائی تک چلے گا۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بھی تقریب میں ہندوستانی فضائیہ کی ایروبٹک ٹیموں کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔

یہ پہلا موقع ہے جب سارنگ ٹیم میں شامل چار دیسی ساختہ دھرو ایڈوانس لائٹ ہیلی کاپٹر ائیر شو کے دوران اپنی قلابازی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔  ایچ اے ایل کے ذریعہ تیار کردہ یہ ہیلی کاپٹر جدید ترین ایویونکس سے لیس ہیں جو انہیں فوجی ہوابازی کے لئے انتہائی موزوں بناتے ہیں۔ ہندوستانی فضائیہ کے علاوہ یہ ہیلی کاپٹر ہندوستانی فوج، انڈین نیوی اور انڈین کوسٹ گارڈ کے ذریعہ بھی چلائے جاتے ہیں۔ سارنگ ہیلی کاپٹر مظاہرے کی ٹیم نے 13 جولائی کو روس کے رامینسکوے ائیر فیلڈ میں تیاری کے طور پر اپنے مظاہرے کا آغاز کیاتھا۔ آخرکار تیاریوں کو مکمل کرنے کے بعد، سارنگ ٹیم نے 20 جولائی کو شروع ہونے والے ایئر شو میں حیرت انگیز فضائی کارنامے کا مظاہرہ کیا جسے روسیوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ بنگلورو کے ایلہانکا ہوائی اڈے سے سارنگ ہیلی کاپٹروں کو روس کے لئے ہندوستانی فضائیہ کے اسٹریٹجک ٹرانسپورٹ ایئرکرافٹ سی۔17میں لوڈ کرکے لے جائے گئے ہیں۔

سارنگ ٹیم کی تشکیل2003 میں بنگلور میں ہوئی تھی۔ اس کا پہلا بین الاقوامی ڈسپلے سنگاپور میں 2004میں ایشین ایرو اسپیس ائیر شو میں ہوا تھا۔ اس کے بعد سے، سارنگ اب تک متحدہ عرب امارات، جرمنی، برطانیہ، بحرین، ماریشیس، سری لنکا اور دیگر کئی  رسمی مواقع پر ائیر شو میں حیرت انگیز فضائی کارناموں کا مظاہر ہ کرچکاہے۔ قومی اور بین الاقوامی مقامات پر ایروبٹکس کے علاوہ اس ٹیم نے اتراکھنڈ میں آپریشن راحت (2013)، کیرالہ میں اوکی طوفان (2017) اور کیرالا میں آپریشن کرونا سیلاب راحت (2018) جیسے کئی انسانی امداد اور تباہی سے متعلق امدادی مشنوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

ماکس -2021 کورونا وائرس وبائی امراض کے بعد دوسرااہم ان پرسن تجارتی ایئرشو ہے۔ اس دو سالہ بین الاقوامی ایئر شو کا گذشتہ ایڈیشن 2019 میں ہوا تھا۔ میگا ایونٹ کے طور پر اسے دنیا کے سب سے بڑے ہوابازی فورم میں درجہ دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی یہ عالمی ہوابازی فرموں کو ایرو اسپیس ڈومین سے جدید ترین ٹیکنالوجیز، پلیٹ فارم اور سسٹم کی نمائش کے لئے ایک بڑا پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ یورپی ملٹی نیشنل ایرو اسپیس کمپنی ایئربس پہلی بار ایونٹ میں اپنے اے-350-1000 کو لارہی ہے۔ ایئر شو میں ہائی پروفائل روسی طیارے جیسے ارکٹ ایم سی -21-310، گھریلو ایویاڈویگیٹل پی ڈی -14،الیوشن آئی ایل-114-300، ٹربوپراپ اور آئی ایل۔112وی ہائی ونگ لائٹ ملٹری ٹرانسپورٹ حصہ لیں گے۔

اس سال کی تقریب میں 50 سے زائد ممالک کی تقریباً290  غیر ملکی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ امکان ہے کہ روس ایئر شو میں نئیپانچویں نسل کے سکھوئی جنگی طیارے کی نقاب کشائی کرے گا۔ اس ایونٹ میں روس کی ایرو اسپیس انڈسٹری توجہ کا مرکز ہوگی۔

Recommended