Urdu News

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایس سی او کو موثر کردار ادا کرنا چاہیے: جے شنکر

وزیر خارجہ ایس جے شنکر

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایس سی او کو موثر کردار ادا کرنا چاہیے: جے شنکر

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کو معاشی وسائل کی فراہمی اور دہشت گردوں کو انٹرنیٹ جیسی انفارمیشن ٹکنالوجی کی سہولیات کے استعمال سے روکنے کے لیے موثر کارروائی کرنے پر زور دیا۔

وزیر خارجہ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں افغانستان کے بارے میں شنگھائی تعاون تنظیم اور رابطہ گروپ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو کورونا وبا سے نمٹنے اور معیشت کی بحالی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میں، وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک زمین، ایک صحت کے منتر کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے عالمی سطح پر ویکسی نیشن مہم کی ضرورت کا تذکرہ کیا۔

انہوں نے کثیرالجہتی نظام کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں کی اصلاح اور اس کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ افغانستان میں تشویشناک پیشرفتوں کے تناظر میں ایس سی او ممالک کے آٹھ وزرائے خارجہ اس اجلاس کا انعقاد کر رہے ہیں۔ اجلاس سے قبل جیشنکر نے افغانستان کے وزیر خارجہ حنیف اتمر سے ملاقات کی تھی۔

دوشنبہ میں، پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی اس موقع پر ملاقات کی۔ امکان ہے کہ جے شنکر چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی اسی طرح کی میٹنگ کریں گے۔

Recommended