نئی دہلی، 23 اکتوبر 2021:
وزارت فولاد 25 اکتوبر 2021 (بروز پیر) کو اسپیشلٹی اسٹیل کے لئے پیداواریت سے مربوط ترغیباتی اسکیم (پی ایل آئی) پر ایک ویبنار کا انعقاد کرنے جارہی ہے۔ ویبنار کا انعقاد ڈاکٹر امبیڈکر بین الاقوامی مرکز، نئی دہلی میں کیا جائے گا اور یہ ویبنار دن بھر جاری رہے گا۔ وزیر فولاد جانب رام چندر پرساد سنگھ اور فولاد کے وزیر مملکت جناب فگن سنگھ کلستے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے۔ ویبنار میں نیتی آیوگ کے سی ای او جناب امیتابھ کانت اور سینئر سرکاری عہدیداران بھی موجود رہیں گے۔ ویبنار کا مقصد دلچسپی رکھنے والے تمام شراکت داروں کو پلیٹ فارم فراہم کرانا ہے، جہاں وہ غورو فکر کر سکیں اور اسکیم کے بارے میں تبادلہ خیالات کیے جا سکیں ۔
مرکزی حکومت نے اسپیشلٹی اسٹیل کے لیے پیداواریت سے مربوط ترغیباتی اسکیم کو مالی سال 2023۔24 سے مالی سال 2029۔30 کے دوران نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے لیے 6322 کروڑ روپئے کے بقدر بجٹ طے کیا گیا ہے۔ پی ایل آئی کا مقصد ’اسپیشلٹی‘ اسٹیل کی گھریلوپیداوار میں اضافے کے لیے خاطر خواہ سرمایہ کاری راغب کرنا ہے۔ اس اسکیم کا اطلاق پیداواریت کے پانچ زمروں ، یعنی کوٹیڈ/پلیٹڈ اسٹیل، اعلیٰ طاقت /ٹوٹ پھوٹ سے مبرا اسٹیل، اسپیشلٹی ریلس/ریلنگ، الوئے اسٹیل پروڈکٹس اور اسٹیل کے تار اور الیکٹریکل اسٹیل، پر ہوتا ہے۔ ’’آتم نربھر بھارت‘‘ کے ہدف کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایل آئی اسکیم ممکنہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور موجودہ کمپنیوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرنے کی ایک پہل قدمی ہے۔ اس پہل قدمی سے ملک کی موجودہ فولاد صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور ملک میں تکنالوجیوں کی آمد ہوگی۔ اس تعلق سے فولاد کی وزارت کی ویب سائٹ پر تفصیلی نوٹیفکیشن اور رہنما خطوط دستیاب ہیں۔
صنعتی شراکت داروں کے ساتھ اسکیم کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی غرض سے تکنیکی سیشنوں کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس سیمنار میں پالیسی ساز، بیوروکریٹس، اسٹیل بیوروکریٹس، مربوط اور ثانوی اسٹیل پروڈیوسر حضرات، ممکنہ سرمایہ کار، اسٹیل ایسو سی ایشنز، اور دیگر حضرات شرکت کریں گے۔