Urdu News

مودی کابینہ میں سات کو ترقی ملی، 36 نئے چہرے شامل

مودی کابینہ میں سات کو ترقی ملی

نئی دہلی، 08جولائی (انڈیا نیرٹیو)

وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ میں بدھ کے روز ہوئی توسیع میں 7 وزرا کو وزیر مملکت سے کابینہ کا وزیر بنایا گیا ہے اور 36 نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔

انوراگ ٹھاکر، جی کشن ریڈی، پْرشوتم روپالا، کرن رجیجو، ہردیپ پوری، من سکھ منڈویہ اور راجکمار سنگھ کو کابینہ کی  توسیع میں ترقی دی گئی ہے۔ ان سب نے آج راشٹرپتی بھون کے دربار ہال میں کابینہ کے وزرا کی حیثیت سے حلف لیا۔

ہمیر پور (ہماچل پردیش) کے ممبر پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر فی الحال وزیر مملکت برائے خزانہ کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے۔  وہیں یو پی اے کی حکومت میں داخلہ سکریٹری رہے  آر کے سنگھ کے پاس فی الحال وزیر توانائی کا چارج تھا۔ پریشوتم روپالا اس وقت وزیر مملکت برائے زراعت اور جی کشن ریڈی وزیر مملکت برائے داخلہ تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں 2019 میں اقتدار میں واپس آنے کے بعد پہلی بار مودی کابینہ میں توسیع کی گئی ہے۔ آج 15 نے مرکزی کابینہ وزیر اور 28 نے وزیر مملکت کی حیثیت سے حلف لیا، جن کی مجموعی تعداد 43 ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ آج کی کابینہ توسیع سے کئی بڑے چہروں کوباہرکیا گیا ہے، ان میں ڈی وی سدانند گوڑا، روی شنکر پرساد، تھاورچند گہلوت، رمیش پوکھریال 'نشنک'، ڈاکٹر ہرش وردھن، پرکاش جاوڈیکر، سنتوش کمار گنگوار، بابل سپریو، سنجے شام راؤ دھوترے، رتن لال کٹیریا، پرتاپ چندر سانگی اور دیباشری چودھری شامل ہیں۔

Recommended