سری نگر،12اکتوبر(انڈیا نیرٹیو)
شوپیاں کے تلرن علاقے میں گذشتہ رات چھڑنے والے تصادم میں لشکر طیبہ تنظیم کی ونگ ٹی آر ایف سے وابستہ تین دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔کشمیر زون پولیس نے منگل کی صبح اس تصادم کے بارے میں ٹویٹ کے ذریعے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شوپیاں تصادم میں لشکرطیبہ کی تنظیم ٹی آر ایف سے وابستہ تین دہشت گرد مارے گئے ہیں جن کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ مہلوک دہشت گردوں کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ کچھ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔دریں اثنا کشمیر پولیس زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ مہلوک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت مختار شاہ ساکن گاندربل کے بطور کی ہے جو سرینگر میں بہار سے تعلق رکھنے والے مزدور وریندر پاسوان کی ہلاکت میں ملوث تھا۔
قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پرسیکورٹی فورسز نے پیر کی شام شوپیاں کے تلرن علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا اور اس دوران ایک مقام پر چھپے دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک تلاشی پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔پولیس کے مطابق یہ فورسز کے لیےایک بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ اسی گروپ میں سے ایک نے چند روز قبل مزدور پاسوان کو مارا تھا۔ واضح رہے اس سے پہلے کل بانڈی پورہ میں ہو ئےتصادم میں اسی طرح سے ایک ایسے دہشت گرد کو مارا تھا جس نے سومو ڈریور کو مارا تھا اس طرح فورسز نے اس روز مارے گئے تین میں سے دو مرنے والے افراد کے قاتلوں کو اپنے انجام تک پہنچا دیا ہے۔