Urdu News

جناب امت شاہ کل وکٹوریہ میموریل ہال، کولکتہ میں ثقافتی پروگرام مکتی میتریکا میں شرکت کریں گے

وزیر داخلہ و تعاون جناب امت شاہ

 05 مئی 2022:

وزیر داخلہ و تعاون جناب امت شاہ کل کولکتہ کے وکٹوریہ میموریل ہال میں وزارت ثقافت کے زیر اہتمام ایک ثقافتی پروگرام مکتی میتریکا (آزادی بحیثیت ماں) میں شرکت کریں گے۔ مغربی بنگال کے گورنر جناب جگدیپ دھنکھر بھی اس موقع پر دیگر معززین کے ساتھ شرکت کریں گے۔

مکتی میتریکا معروف اوڈیسی رقاصہ محترمہ ڈونا گنگولی اور ان کی ساتھی دیکشا منجری کے رقص اور معروف موسیقار جوڑی سوریندرو سومیوجیت کی گلوکاری پر مشتمل ہوگا۔ یپ پروگرام آزادی کے امرت مہوتسو یعنی بھارت کی آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے جاری جشن کی ایک اہم تقریب ہے جو اس کے عوام، ثقافت اور کامیابیوں کی شاندار تاریخ کی مسرت آگیں یاد منانے کے لیے برپا کیا جارہا ہے۔

یہ ثقافتی پروگرام یونیسکو کی جانب سے بنگال کی درگا پوجا کو انسانیت کے ناقابل لمس ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے اور 2021-22 میں وکٹوریہ میموریل ہال کی صدی تقریبات کے پس منظر میں بھی منعقد کیا جارہا ہے۔

مکتی میتریکا کی اصطلاح ایک ماں، بلکہ ایک الوہی ماں، کی دائمی شبیہ کو اجاگر کرتی ہے لیکن اس کی علامتیت اس سے کہیں آگے ہے جو 'مکتی' یا آزادی / حریت / خود مختاری کے خیال کے ساتھ ساتھ 'میتریکا' کے تصور کو محیط ہے، جو ایک ایسی علامت ہے جو کسی سرزمین یا قوم کا تصور دیتی ہے۔ بنگال آزادی کے امرت مہوتسو کو خصوصی جوش و خروش کے ساتھ منا رہا ہے جو آزادی کے لیے ایک غنائیہ ہے جو تحریک آزادی کے مجاہدین اور محبان وطن کی جدوجہد اور قربانیوں سے ممکن ہوا۔ مزید برآں، اس میں دنیا بھر میں تاریخی ثقافتی ورثے، مشہور درگا پوجا کی شناخت بھی شامل ہے۔ ان دونوں موضوعات کو ضم کرتے ہوئے مکتی میتریکا آزادی اور ماں (ماں درگا) کے درمیان تعلق قائم کرے گی خاص طور پر اس حقیقت کے پیش نظر کہ درگا بھی ہماری 'آزادی' کی علامت ہے، برائی کے چنگل سے ہماری نجات کی—برائی جس کی علامت شیطان (اسُر) ہے۔

یہ ثقافتی پروگرام جمعہ 6 مئی 2022 کو وکٹوریہ میموریل ہال، کولکتہ کے سینٹرل ہال میں شام 6:00 بجے سے 7:00 بجے کے درمیان منعقد ہوگا۔

Recommended