ناتھولا سرحد کے سیاحتی مقامات کو جوڑنے والی سڑک پر برفانی تودہ گرا
تیس سیاحوں کو بچا کر قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا
سکم میں منگل کی صبح ہندوستان اور چین کے سرحدی علاقے کو جوڑنے والے جواہر لال نہرو مارگ (جے این روڈ) پر برفانی تودہ گرنے سے چھ سیاحوں کی موت ہو گئی ہے۔
برفانی تودے میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لئے امدادی اور بچاؤ کارروائیاں جنگی پیمانے پر جاری ہیں کیونکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ برفانی تودہ منگل کی دوپہر تقریباً 12.20 بجے جواہر لال نہرو روڈ پر 15 ویں میل سے ٹکرا گیا، جو گنگٹوک کو ناتھولا سے جوڑتا ہے۔ برفانی تودہ اس علاقے سے ٹکرا گیا جہاں کئی سیاح جواہر لعل نہرو روڈ کے برف پوش پہاڑی کنارے کے قریب موجود تھے۔
یہ سڑک گنگٹوک کو سومگو جھیل اور ناتھولا رینج کے سیاحتی مقامات سے جوڑتی ہے۔ فوری طور پر امدادی کاروائی شروع کرتے ہوئے برفانی تودے میں پھنسے 6 سیاحوں کو بچا کر قریبی ملٹری اسپتال لے جایا گیا، جہاں چار مرد، ایک خاتون اور ایک بچے سمیت تمام افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق 150 سے زائد سیاح اب بھی 15 میل سے آگے پھنسے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا، برف میں پھنسے 30 سیاحوں کو بچا لیا گیا ہے اور انہیں گنگٹوک کے ایس ٹی این ایم اسپتال اور سینٹرل ریفرل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
سکم پولیس نے دو ہیلپ لائن نمبر 03592202033 اور 8695622101 جاری کئے ہیں۔ پولیس نے ہوٹل مالکان سے درخواست کی ہے کہ اگر کوئی سیاح واپس نہیں آیا ہے تو وہ مذکورہ ہیلپ لائن نمبر پر مطلع کریں۔