Urdu News

سونیا گاندھی ای ڈی کے دفتر پہنچیں، پوچھ گچھ کے خلاف کانگریس لیڈروں کا احتجاج جاری

سونیا گاندھی ای ڈی کے دفتر پہنچیں

نئی دہلی، 21 جولائی (انڈیا نیرٹیو)

کانگریس صدر سونیا گاندھی جمعرات کے روز  نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہوئیں۔

وہیں کانگریس لیڈر اور کارکنان اس انکوائری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے دہلی سمیت ملک بھر میں احتجاج کر رہے ہیں۔ ای ڈی کے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ نے صبح پارلیمنٹ ہاؤس میں مارچ بھی نکالا۔

آج صبح راجستھان کے وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے کانگریس ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے بات چیت کے دوران ای ڈی کی انکوائری کو غیر قانونی قرار دیا۔اس مسئلہ پر ردعمل دیتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے کہا کہ ای ڈی کے اس قدم سے کانگریس کارکنوں کے ساتھ ساتھ ملک کے عام لوگوں کو بھی تکلیف پہنچ رہی ہے۔

اس معاملے کو لے کر آج صبح سے ہی کانگریس لیڈر پارلیمنٹ سے سڑک تک احتجاج کر رہے ہیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ گچھ کو ناانصافی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافی کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

کانگریس ممبر پارلیمنٹ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ ملک کی تفتیشی ایجنسیاں مرکزی حکومت کی ’پٹھو‘ بن چکی ہیں۔

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ ہم نہ تو پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی ای ڈی سے ڈریں گے۔ کانگریس مرکز کی اس تانا شاہی کے خلاف لڑائی جاری رکھے گی۔

قابل ذکر ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سونیا گاندھی کو نیشنل ہیرالڈ کیس میں منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے آج ای ڈی کے دفتر میں طلب کیا ہے۔ اس سے پہلے ای ڈی نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے بھی تقریباً 50 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ہے۔ اس انکوائری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کانگریسی دہلی سمیت پورے ملک میں احتجاج کر رہے ہیں۔

Recommended