Urdu News

انتخابی طور طریقوں پر سختی کے ساتھ عملدرآمد ہندوستانی انتخابی کمیشن کی پہچان ہے:سی ای سی

ای سی آئی


ہندوستان کے انتخابی کمیشن نے آج 18 جولائی 2022 کو ہونے والے صدارتی انتخاب 2022 کے لئے انتخابی سازوسامان بشمول بیلٹ باکس، بیلٹ پیپر، خصوصی قلم اور دیگرمہر بند انتخابی اشیاء ریاستی قانون ساز اسمبلیوں کے سکریٹریٹ کو بھیجنے کا عمل شروع کردیا  جن میں قومی راجدھانی خطے دہلی اور پڈوچیری کے مرکزی انتظام والے علاقے بھی شامل ہیں۔ نرواچن سدن، نئی دہلی میں ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کو انتخابی سامان پوری حفاظت کے ساتھ اور مقررہ وقت کے اندر پہنچانے کا دوروزہ عمل اعلیٰ انتخابی کمشنر جناب راجیو کمار اور انتخابی کمشنر جناب انوپ چندر پانڈے کی نگرانی میں ہورہا ہے۔

انتخابی کمیشن نے یہ لازمی بنایا ہے کہ دہلی میں انتخابی کمیشن کے ہیڈکوارٹرز سے انتخابی سامان اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسروں کے ذریعہ حاصل کیا جائے گا جن میں چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کا ایک سینئر افسر بھی شامل ہوگا۔ دہلی پہنچے کے بعد افسروں کو دہلی ائر پورٹ پر ہیلپ ڈیسک کے ذریعہ مدد کی جائے گی جہاں ہندوستانی انتخابی کمیشن شہری ہوابازی، دہلی پولیس اور سی آئی ایس ایف کے لوگ تعینات ہوں گے۔ بیلٹ باکس اور دیگر مطلوبہ انتخابی سامان نئی دہلی میں نرواچن بھون میں مکمل جانچ کے بعد سخت حفاظتی اقدامات کے تحت اے آر اوز کو سونپا جاتا ہے۔ دہلی پولیس اے آر اوز کے ساتھ ہوتی ہے جب یہ لوگ انتخابی سازوسامان وصول کرنے آتے ہیں۔ اے آر اوز اسی دن اپنی اپنی ریاستوں یا مرکزی انتظام والے علاقوں کو لوٹ جاتے ہیں۔ سفر کے دوران بیلٹ باکسوں کو متعلقہ افسر کی سیٹ کے سامنے والی سیٹ پر علیحدہ ہوائی ٹکٹ کے ساتھ رکھا جاتا ہے اور متعلقہ افسر کی ذاتی نگرانی میں سفر کرتا ہے۔

ریاستوں کے اے آر اوز سے بات کرتے ہوئے سی ای سی راجیو کمار نے کہا کہ ہندوستانی انتخابی کمیشن کے ذریعہ وضع کردہ طریقہ کار پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے اور یہی کمیشن کی پہچان ہے۔انھوں نے افسران کو چوکس رہنے کو کہا اورر بیلٹ باکسوں اور بیلٹ پیرپرز سمیت تمام انتخابی سامان کی نقل وحمل اور اسٹوریج کے لئے موجود پروٹوکول اور رہنما خطوط پر سختی سےعمل کرنے کی تلقین کی۔

بیلٹ باکسوں کے ساتھ جب افسران ریاستی راجدھانی پہنچتے ہیں تو بیلٹ باکسوں کوویڈیو گرافی کی نگرانی کےساتھ پہلے سے تیار محفوظ اسٹرونگ رومس میں رکھا جاتا ہے، صدارتی انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز بھی اس کے ساتھ ہی مہر بند کرکے رکھے جاتے ہیں۔ ووٹنگ کے بعد مہر بند بیلٹ باکس اور دیگر انتخابی سامان واپس ریٹرننگ افسر کے دفتر بھیجا جاتا ہے جو کہ راجیہ سبھا سکریٹریٹ ہے۔ یہ تمام چیزیں اگلی دستیاب پرواز سے ہی روانہ ہوجاتی ہیں۔ باکس اور دیگر کاغذات طیارے کے کیبن میں ذاتی طور پر رکھے جاتے ہیں اور کبھی بھی افسران کی نگاہوں سے انھیں اوجھل نہیں ہونے دیا جاتا ہے۔

انتخابی کمیشن نے انتخابات کرانے کے لئے خصوصی رہنما خطوط جاری کردیئے ہیں اور اے آر اوز اور مشاہدین کو ٹرینڈ کیا گیا ہے۔ آر او، اے آر اوز اور سی ای اوز کے لئے ایک ورکشاپ تیرہ جون 2022 کو وگیان بھون میں ہوئی تھی جہاں ان تمام افسران کو صدارتی الیکشن کے طریقہ کار کے بارے میں جانکاری دی گئی تھی۔ کمیشن نے انتخابات کے دوران پولنگ اور گنتی کے انتظامات پر نظر رکھنے کے لئے 37 مشاہدین مقرر کئے ہیں اور گیارہ جولائی 2022 کو بھی ان افسروں کے ساتھ بریفنگ میٹنگ کی گئی تھی۔ مشاہدین ایڈیشنل سکریٹری /جوائنٹ سکریٹری، حکومت ہند کے درجے کے آئی اے ایس افسران ہیں۔ کمیشن نے ریاستی / یوٹی قانون ساز اسمبلیوں میں انتخابات کے 30 مقامات پر ایک ایک مشاہد کو مقرر کیا ہے اور دو مشاہد پارلیمنٹ ہاؤس کے لئے ہوں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں مقرر مشاہدین 21 جولائی 2022 کو گنتی کے عمل کی بھی نگرانی کریں گے۔

Recommended