Urdu News

کسانوں کے چکہ جام کے اعلان پرملک کی راجدھانی میں سخت پہرہ

چکہ جام کے پیش نظر دہلی سرحدوں پر سخت پہرہ

نئی دہلی ، 06 فروری (انڈیا نیرٹیو)

 یوم جمہوریہ پر ہونے والے تشدد کے بعد ، دہلی پولیس نے غازی پور بارڈر ، سنگھو بارڈر ، ٹکڑی بارڈر ، شاہجہان پور بارڈر پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ کسانوں کے ذریعہ ہونے والے تشدد کے پیش نظر ، تمام سرحدوں کی سیکورٹی ناقابل تسخیر بنانے کےلیے،پولیس نے داخلی سیکوریٹی کے لیے نیم فوجی دستوں کوتعینات کیا ہے۔ پولیس نے غازی پور بارڈر پر سیکورٹی کی 17 پرتیں تیار کی ہیں۔ اس وقت ، سنگھو بارڈر پر 11 پرتیں تیارکی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ، ٹیکری میں سات پرتوں کی حفاظتی تدبیر اختیار کی گئی ہے۔ 

بیرونی شمالی ضلع میں سنگھو بارڈر پر سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔ پولیس نے یہاں 11 پرتوں کا حفاظتی لائن بنایا ہے۔ پہلی پرت میں،پولیس نے بڑے پتھر کھڑے کردیئے ہیں اور اس کے پیچھے نیم فوجی دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔ اس کے بعد ، دوسری پرت میں ، پولیس نے خاردار رکاوٹیں کھڑے کردیئے ہیں ، مذکورہ بیرکیڈ پر ایک جال بچھادیا گیا ہے۔ تاکہ اگر تشدد کے دوران پتھراؤ کیا گیا تو ان جالوں سے بچا جاسکے۔ اسی طرح ہر پرت کے سامنے بھاری گاڑیاں ، کنٹینر لگانے کے بعد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ پولیس کی یہ حصاربندی مظاہرہ کے مقام سے ڈھائی کلومیٹر دور کی گئی ہے۔ 

کسانوں نے آج ملک بھر میں چکہ جام کا اعلان کیا ہے۔ اس کے پیش نظر ، دہلی پولیس نے نئی دہلی ضلع پر خصوصی توجہ دی ہے۔ پولیس کے مطابق ، مہاراجہ رنجیت سنگھ فلائی اوور کے داخلی مقام پر پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ دیگر رکاوٹوں کا استعمال کیا گیاہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ نئی دہلی میں داخل ہونے کا یہ اہم راستہ ہے۔ 

ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق ، غازی پور میں کسانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔حالیہ آئی ٹی او اور لال قلعے میں ہونے والے تشدد میں ، غازی پور سے ہی زیادہ کسان وہاں پہنچ گئے تھے۔ اس کو دھیان میں رکھتے ہوئے پولیس نے غازی پور بارڈر کو ایک کیمپ میں تبدیل کردیا ہے۔ یہاں پولیس نے 17 پرتوں کی حفاظتی لائن تیار کی ہے۔ پولیس نے ہر حلقے میں بڑے پتھروں ، کنٹینروں ، جالوں اور خاردار تاروں کے ساتھ بیریکیڈس لگائے ہیں۔ نیم فوجی دستے اور پولیس اہلکار ہر پرت کے پیچھے کھڑے ہیں۔ 

غازی پور ، سنگھو کے بعد ، پولیس نے ٹیکری بارڈر پر سیکورٹی سخت کردی ہے۔ یہاں کے کسانوں نے نانگلوئی اور پنجابی باغ میں شدید ہنگامہ کھڑا کردیا تھا۔ اس بات کو دھیان میں رکھتے ہوئے ، مظاہرین کے احتجاجی مقام سے قبل پولیس نے تقریبا تین کلومیٹر کے فاصلے پر سات پرتوں کا حفاظتی دائرہ بنا لیا ہے۔ مذکورہ انتظامات بھی ان حلقوں میں کیے گئے ہیں۔ 

جوائنٹ پولیس کمشنرآلوک کمار کے مطابق، کسان چکہ جام کے اعلان کے بعد پولیس نے روڈ نمبر 56 ، این ایچ 24 ، جی ٹی روڈ،جعفرآباد روڈ ، زیرو پشتہ اور وکاس مارگ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی ہے۔ اس کے ساتھ ہی لوگوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرحدی علاقے سے نہ آئیں۔

Recommended