کالے دھن کے خلاف جنگ میں حکومت کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ سوئٹزرلینڈ نے ہندوستان کو اس مہینے اطلاعات کے ازخود تبادلے کے معاہدے کے تحت اسکے شہریوں کے سوئس بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کی تیسری فہرست سونپ دی ہے۔ اس کے تحت سوئٹزرلینڈ نے 96 ممالک کے ساتھ تقریباً33 لاکھ مالیاتی اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات شیئر کی ہیں۔
سوئٹزرلینڈ کے فیڈرل ٹیکس ایڈمنسٹریشن (ایف ٹی اے) نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ اس سال معلومات کے تبادلے میں مزید 10 ممالک کو شامل ہوئے ہیں۔ ان میں انٹیگوا اور باربوڈا، آذربائیجان، ڈومینیکا، گھانا، لبنان، مکاو، پاکستان، قطر، سموا اور وواتو ممالک کے نام شامل ہیں۔ سوئٹزرلینڈ نے 70 ممالک کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کیا ہے جبکہ 26 ممالک کے سلسلے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہے۔
ایف ٹی اے نے تمام 96 ممالک کے نام اور مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ ہندوستان ان ممالک میں شامل ہے جنہیں مسلسل تیسرے سال یہ معلومات موصول ہوئی ہیں۔ بھارتی حکام کے ساتھ شیئر کی گئی تفصیلات بڑ ی تعداد میں سوئس مالیاتی اداروں میں واقع افراد اور کمپنیوں کے اکاؤنٹس سے متعلق ہیں۔ معلومات کا یہ تبادلہ ایف ٹی اے نے گزشتہ ماہ کیا تھا، جس کی معلومات کا اگلا سیٹ ستمبر 2022 میں سوئٹزرلینڈ شیئر کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ستمبر 2019 میں بھارت کو آٹومیٹک ایکسچینج آف انفارمیشن(AEOI) کے تحت سوئٹزرلینڈ سے پہلی فہرست موصول ہوئی تھی۔ اس سال ایسی معلومات حاصل کرنے والے 75 ممالک میں سے ہندوستان ایک تھا۔ اس سے قبل اکتوبر 2020 میں سوئٹزرلینڈ نے 86 ممالک کے ساتھ 31 لاکھ مالیاتی کھاتوں کی اطلاع دی تھی جن میں ہندوستان بھی شامل تھا۔AEOI کے تحت سوئٹزرلینڈ سے حاصل کردہ سوئس بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات میں اکاؤنٹ ہولڈرس کی شناخت، اکاؤنٹ اور مالی معلومات کے ساتھ ساتھ متعلقہ مالیاتی ادارے، اکاونٹ بیلنس اور کیپیٹل انکم کی معلومات شامل ہیں۔