Urdu News

جھونپڑ پٹی میں رہنے والا سید محمد حسین نے یوپی ایس سی امتحان میں حاصل کی کامیابی

سید محمد حسین اپنے والدین کے ساتھ(تصویر کے لیے امتیاز شیخ کا خصوصی شکریہ)

موصوف نے پانچویں تک کی پڑھائی جعفر سلیمان مسافر خانہ کی مسجد میں کی تھی

یوپی ایس سی امتحان 2022میں حج ہاؤس کوچنگ سینٹر سے فائدہ اٹھانے والےچار کامیاب طلبا میں سے ایک سید محمد حسین بھی شامل ہیں۔ ان کا 570واں رینک آیا ہے۔ سیدمحمد حسین نے پانچویں کوشش میں سول سروسز کا یہ امتحان پاس کیا ہے۔ واضح ہو کہ سید محمد حسین اس سے قبل چار مرتبہ اس باوقار امتحان میں ناکام ہوچکے تھے باوجود اس کے انہوں نے ہمت نہیں ہاری ۔

سید محمد حسین کی ایک فائل فوٹو جس میں جھوپڑپٹی کی نمائندگی دیکھی جا سکتی ہے

آخر کار کامیابی نے قدم چوما اور ہر طرف خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سید محمد حسین قوم کے دیگر بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایک مثال بھی ثابت ہو رہے ہیں۔ سید محمد حسین کی کامیابی نے کئی سبق دیئے ہیں جن میں ایک یہ ہے کہ چار مرتبہ کی ناکامی سے  بھی حوصلہ ہارنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سید محمد حسین نے زبردست کامیابی حاصل کی۔ دوم یہ کہ موصوف کا تعلق ایک  غریب خاندان سے ہے۔ وہ جنوبی ممبئی کے پی ڈی میلو روڈ پر واقع دانا بندر (واڑی بندر)کی سولا پور اسٹریٹ (جعفر سلیمان مسافرخانہ کے پیچھے )کی ایک جھونپڑپٹی میں رہتے ہیں۔

اپنی کامیابی پر سوال کرنے پر محمد حسین نے بتایا کہ ’’میں نے چھ سال پونے میں یوپی ایس سی کی تیاری کی تھی۔ اس کے علاوہ ذاتی پڑھائی کافی کی ۔شروع کے دو سال کوچنگ سینٹر سے منسلک رہا ۔ اس کے بعد تین برس ملازمت پر رہتے ہوئے پڑھائی کی۔ یعنی میں دو مرتبہ پہلے فیل ہواہوں۔ میں نے یہ طریقہ اختیار کیا تھا کہ پارٹ ٹائم یوپی ایس سی کے بچوں کو ٹیوشن دیتا تھا ۔ اس طرح میری پڑھائی بھی ہوجاتی تھی اور تھوڑی بہت آمدنی بھی‘‘۔

اس محنت سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اگر انسان محنت اور ایمانداری سے کچھ کرنے کا من بنا لے تو کامیابی یقینی ہے۔ سید محمد حسین کی کامیابی نے جہاں محنت کش طبقہ کو سکون فراہم کیا ہے وہیں ہزاروں غریب بچوں کے لیے بھی ایک امید کی کرن کے طور پر ابھر کرآیا ہے۔ اس کامیابی پر انڈیا نیرٹیو اردو سید محمد حسین اور ان کے اہل خانہ کو دل سے مبارک باد پیش کرتا ہے۔

Recommended