جنرل نرونے نے بتایا ، فوج عام شہریوں کے لئے بھی اپنے اسپتال کھول رہی ہے
فوج ضرورت پڑنے پر سول انتظامیہ کے لئے عارضی کووڈاسپتال کھولے گی
نئی دہلی ، 29 اپریل (انڈیا نیرٹیو)
ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل ایم ایم نرونے نے جمعرات کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور کووڈ مینجمنٹ میں مدد کے لیے فوج کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں معلومات دی۔ فوج کی تیاریوں اور اقدامات کا جائزہ لینے کے دوران جنرل نرونے نے وزیر اعظم مودی کو آگاہ کیا کہ فوج عام شہریوں کے لیے بھی اپنے اسپتال کھول رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فوج کے طبی عملے کو مختلف ریاستی حکومتوں کو دستیاب کیا جارہا ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم کو یہ بھی بتایا کہ فوج ملک کے مختلف حصوں میں عارضی اسپتال قائم کر رہی ہے اور عام شہریوں کے لئے اپنے مستقل اسپتال کھول رہی ہے۔ جنرل نرونے نے وزیر اعظم کو بتایا کہ فوج درآمد کئے گئے آکسیجن ٹینکروں اور گاڑیوں کو وہاں پہنچانے میں مدد فراہم کررہی ہے جہاں ان کے انتظام کے لئے خصوصی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ آرمی چیف نے پی ایم مودی کو بتایا کہ فوج سول انتظامیہ کے لئے ضرورت کے مطابق اسپتال قائم کرنے کے لئے تیار ہے اور لوگوں سے اپنے قریبی فوجی اسپتالوں میں منتقل ہونے کی اپیل کی گئی۔
وزیر اعظم آفس (پی ایم او) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نے فوج کی جانب سے کووڈمنیجمنٹ میں فوج کی مدد کی مختلف پہل پر آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے سے تبادلہ خیال کیا ۔ جنرل نرونے نے وزیر اعظم مودی کو آگاہ کیا ہے کہ فوج درآمد کئے گئے ٹینکروں اور گاڑیوں کے لئے افرادی قوت میں مدد کر رہی ہے جہاں ان کے انتظام کے لیے خصوصی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ بھارت فی الحال کورونا وائرس کے انفیکشن کی دوسری مہلک لہر سے دوچار ہے اور کئی ریاستوں کے اسپتال میڈیکل آکسیجن اور بستروں کی کمی کے شکار ہیں کیوں کہ معاملات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔