طبی آکسیجن کی کمی دور کرنے کے لیے مرکزی حکومت کوشاں
طبی آکسیجن کی قلت دور کرنے کے لیے سرکار کی کوششیں تیز،رقیق آکسیجن کا استعمال صرف طبی مقاصد کے لیےہی کیا جائے: مرکز
مرکز نے ملک میں طبی آکسیجن کی قلت دور کرنے کی خاطر اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔ سرکار نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ رقیق آکسیجن کا استعمال صرف طبی مقاصد کے لیے کیا جائے۔ ملک میں طبی آکسیجن کی دستیابی بڑھانے کی خاطر 9 صنعتوں کو دی گئی چھوٹ کو بھی واپس لیا گیا ہے۔
مرکزی داخلہ سکریٹری اور قومی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین اجے بھلا نے اِس بارے میں ریاستوں کے چیف سکریٹریوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ایڈمنسٹریٹر صاحبان کو مراسلہ بھیجا ہے۔جناب بھلا نے سبھی مینوفیکچرنگ اداروں سے کہا ہے کہ وہ رقیق آکسیجن کی تیاری میں اضافہ کریں اور بلا تاخیر طبی مقاصد کے استعمال کے لیے سرکار کو دستیاب کرائیں۔
اِدھر وزیر اعظم نے سرکاری اسپتالوںمیں 551 آکسیجن پلانٹس لگائے جانے کا حکم دیا ہے ۔ جناب نریندر مودی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ جتنا جلد ممکن ہوسکے اِن پلانٹس کو شروع کیا جائے ۔اِن پلانٹس کو قائم کرنے کے لیےPM CARES Fund سے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔