Urdu News

کانگریس پارٹی نے 16 اکتوبر کوطلب کی سی ڈبلیو سی کی میٹنگ، سی ڈبلیو سی کی میٹنگ ابھی کیوں ضروری؟

کانگریس پارٹی نے 16 اکتوبر کوطلب کی سی ڈبلیو سی کی میٹنگ

کانگریس پارٹی نے پارٹی کی ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ 16 اکتوبر کو طلب کی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں اترپردیش کے لکھیم پور کھیری میں ہوئے تشدد سمیت پارٹی کی تنظیمی انتخابات پر فیصلے کئے جائیں گے۔

کانگریس پارٹی کے تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ہفتہ کو ٹویٹ کیا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ 16 اکتوبر کو طلب کی گئی ہے۔ میٹنگ صبح 10 بجے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دفتر، 24 اکبر روڈ پر شروع ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے سینئر لیڈروں کا ایک گروپ’G- 23‘ کافی عرصے سے پارٹی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ طلب کرنے کا مطالبہ کر تارہا ہے۔ اس سلسلے میں ماضی میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ابھی تک پارٹی کا کوئی مستقل صدر نہیں ہے۔ ایسی صورتحال میں فیصلے کون لے رہا ہے، یہ سمجھ میں نہیں آتا؟ انہوں نے کانگریس ہائی کمان سے سی ڈبلیو سی کی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ سبل نے کہا تھا کہ ملک کو اس وقت ایک مضبوط اپوزیشن کی ضرورت ہے۔ صرف کانگریس ہی وہ مضبوط اپوزیشن بن سکتی ہے، لیکن جس طرح پارٹی لیڈر دوسری پارٹیوں میں شامل ہو رہے ہیں، یہ تشویش کا باعث ہے۔ ایسی صورت حال میں، سی ڈبلیو سی کا اجلاس فوری طور پر بلایا جائے اور تمام مسائل پر بات چیت کرکے اس کو حل کیا جائے۔جی 23 کے رکن اور پارٹی کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے بھی سونیا گاندھی کو خط لکھ کر ملاقات کا مطالبہ کیا۔

Recommended