Urdu News

بھگوان برسا کے وجود، شناخت اور خود انحصاری کے خواب کو لے کر آگے بڑھ رہا ہے ملک:پی ایم مودی

بھگوان برسا کے وجود، شناخت اور خود انحصاری کے خواب کو لے کر آگے بڑھ رہا ہے ملک:پی ایم مودی

نئی دہلی، 15 نومبر (انڈیا نیرٹیو)

وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز کہا کہ ایک تناور درخت کومضبوطی سے کھڑے رہنے  کے لیے اپنی جڑوں سے مضبوط ہوناپڑتا ہے اورآتم نربھر بھارت اپنی جڑوں سے جڑنے اور مضبوط بننے کا ہی عزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھگوان برسا منڈا کے آشیرواد سے ملک اپنے امرت عزائم کی تکمیل کرے گا اور دنیا کو سمت بھی عطا کرے گا۔

وزیر اعظم مودی نے کہا،”بھگوان برسا منڈا نے وجود، شناخت اور خود انحصاری کا خواب دیکھا تھا۔ ملک بھی اسی عزم کو لے کر  آگے بڑھ رہا ہے“۔

حکومت ہند نے اعلان کیا ہے کہ اب سے بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش کو 15 نومبر کو قبائلی فخر کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔ آج اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رانچی میں بھگوان برسا منڈا میموریل پارک اور فریڈم فائٹر میوزیم کا افتتاح کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھگوان برسا منڈا میموریلپارک اور فریڈم فائٹر میوزیم جدوجہد آزادی میں قبائلیوں کی شراکت داری کا، تنوع سے بھرے ہمارے قبائلی کلچر کا ایک مثالی  ادارہ بنے گا۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آزادی کے اس امرت دورمیں ملک نے طے کیا ہے کہ ملک ہندوستان کی قبائلی روایات، اس کی بہادری کی داستانوں کو مزید عظیم شناخت دے گا۔ اسی سلسلے میں ایک تاریخی فیصلہ لیا گیا ہے کہ آج سے ملک ہر سال 15 نومبر یعنی بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش کو’قبائلی فخر کے دن‘ کے طور پر منایاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے ہی  دن ہمارے قابل احترام اٹل جی کے مضبوط ارادے کی وجہ سے ریاست جھارکھنڈ بھی وجود میں آئی تھی۔ یہ اٹل جی ہی تھے جنہوں نے ملک کی حکومت میں سب سے پہلے ایک علیحدہ قبائلی وزارت تشکیل دے کرقبائلی مفادات کو ملک کی پالیسیوں سے جوڑا۔

 برسا منڈا کے جدوجہد آزادی میں تعاون کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 'دھرتی آبا' کی جدوجہد آزادی ہندوستان کے قبائلی سماج کی شناخت کو تباہ کرنے والی سوچ کے بھی خلاف تھی۔ جدیدیت کے نام پر تنوع پر حملہ، قدیم شناخت اور فطرت سے چھیڑ چھاڑ، بھگوان برسا جانتے تھے کہ یہ سماج کی فلاح کا راستہ نہیں ہے۔ وہ جدید تعلیم کے حق میں تھے اور تبدیلیوں کی وکالت کرتے تھے۔ انہوں نے اپنے ہی معاشرے کی برائیوں کے خلاف بولنے کا حوصلہ دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ آج حکومت تاریخ کے ان گنت صفحات میں گم ہو چکے  آزادی کے ہیروز کی کہانیوں کو زندہ کر رہی ہے جنہیں ماضی میں بھلا دیا گیا تھا۔ غلامی کا کوئی دور ایسا نہیں رہا جس میں کوئی قبائلی تحریک نہ چل رہی ہو۔ قبائلیوں نے ہر بار برطانوی حکمرانی  کو للکارا ہے۔ ان کی تاریخ ملک کو نئی توانائی دے گی۔

قابل ذکر ہے کہ بھگوان برسا منڈا میموریل پارک اور فریڈم فائٹر میوزیم جھارکھنڈ حکومت کے تعاون سے رانچی کی پرانی سنٹرل جیل میں بنایا گیا ہے، جہاں بھگوان برسا منڈا نے اپنی جان قربان کردی تھی۔ یہ قوم اور قبائلی برادریوں کے لیے ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت ہوگی۔

یہ میوزیم قبائلی ثقافت اور تاریخ کے تحفظ اور فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس میں یہ بھی دکھایا جائے گا کہ کس طرح قبائلیوں نے اپنے جنگلات، زمین کے حقوق، اپنی ثقافت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی۔

میوزیم بھگوان برسا منڈا کے ساتھ شہید بدھو بھگت، سدھو-کانہو، نیلامبر-پیتامبر، دیوا-کسون، تلنگا کھڑیا، گیا منڈا، جاترا بھگت، پوٹو ایچ، بھگیرتھ مانجھی اور گنگا نارائن سنگھ جیسی تحریکوں سے وابستہ دیگر قبائلی مجاہدین آزادی کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرے گا۔ میوزیم میں بھگوان  برسا منڈا کا 25 فٹ کا مجسمہ اور خطے کے دیگر مجاہدین آزادی کا 9 فٹ کا مجسمہ رکھا جائے گا۔

میموریل پارک کو 25 ایکڑ کے رقبے پر تیار کیا گیا ہے اور اس میں میوزیکل جھرنا، کیٹرنگ کمپلیکس، بچوں کاپارک، انفینٹی پول، باغ اور دیگر تفریحی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اس پروگرام کے دوران قبائلی امور کے مرکزی وزیر ارجن منڈا بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے جھارکھنڈ میں بھگوان برسا منڈا میوزیم کا آن لائن افتتاح کیا

بھگوان برسا کی جینتی ہر سال قبائلیوں کے فخر کے دن کے طور پر منایا جائے گا: وزیر اعظم

وزیر اعظم نریندر مودی نے پیرکے روز جھارکھنڈ کے یوم تاسیس کے موقع پر بھگوان برسا منڈا میوزیم کو قوم کو وقف کیا۔ انہوں نے ورچوئل طریقے سے  اس کا افتتاح کیا۔ اس میوزیم کے ذریعے لوگ قبائلی معاشرے کو نہ صرف جان سکیں گی بلکہ ان کی ترقی کرنے والوں سے بھی روبرو ہوسکیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ آج سے ہر سال 15 نومبر کو برسا منڈا کے یوم پیدائش کو قبائلی فخر کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ملک کے اس فیصلے کو بھگوان برسا منڈا اور ہمارے مختلف مجاہدین آزادی کو وقف کرتا ہوں۔ میں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ قبائلی بھائیوں، بہنوں اور ان کے بچوں کے ساتھ گزارا ہے۔ میں ان کی ضروریات اور زندگی کا گواہ رہا ہوں۔ اس لیے آج کا دن میرے لیے ذاتی طور پر جذباتی کر دینے والا دن ہے۔ ساتھ ہی کہا کہ اٹل بہاری واجپئی نے الگ وزارت بنائی تھی۔ میں اٹل جی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان  کی آزادی کے لئے لڑتے ہوئے اپنے آخری ایام رانچی کی اسی جیل میں گزارے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج  قبائلی ثقافت سے مالا مال جھارکھنڈ میں پہلا قبائلی میوزیم وجود میں آیا ہے۔ میں اس میوزیم کے لیے پورے ملک کے قبائلی سماج کو مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ میوزیم قبائلی مجاہدین آزادی کاجیتا جاگتا مرکز بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھگوان  برسا منڈا نے  نہ صرف اپنے معاشرے میں پھیلی برائیوں اور غلط سوچ کے خلاف آواز اٹھانے کی ہمت کی  بلکہ ان میں تبدیلی لانے کی طاقت بھی دکھائی۔ وہ غیر ملکی سوچ اور طاقت کو گھٹنوں پر لے آئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ صرف ایک شخص نہیں بلکہ روایت ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ برسا منڈا نے ایک ہاتھ کھونے کے باوجود انگریزی حکومت سے لوہالیتے رہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دوستو، اس کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں میں اس طرح کے مزید نو میوزیم پر کام تیزی سے جاری ہے۔ان میوزیم سے نہ صرف ملک کی نئی نسل قبائلی تاریخ کے فخر سے روشناس ہوگی  بلکہ اس سے سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا۔

Recommended