Urdu News

پنجاب کا تاج چرنجیت چننی کے سر، جانئے کون ہیں چرنجیت سنگھ چننی ؟

چرنجیت سنگھ چننی

نئی دہلی : چرنجیت سنگھ چننی پنجاب کے نئے وزیر اعلی ہوں گے ۔ کانگریس اعلی قیادت نے ممبران اسمبلی کے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ کچھ دیر پہلے ہی کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جانکاری دی تھی کہ آبزرورس کی ممبران اسمبلی کے ساتھ ہوئی میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چرنجیت سنگھ چننی شام ساڑھے چھ بجے گورنر سے ملاقات کرنے کے لیے جائیں گے ۔ مانا جارہا ہے کہ چرنجیت سنگھ چننی گورنر سے پیر کو ملاقات کرنے کیلئے وقت مانگ سکتے ہیں ۔

چرنجیت سنگھ چننی کے وزیر اعلی بننے کی جانکاری پنجاب کانگریس کے انچارج ہریش راوت نے ٹویٹ کرکے دی ۔ کچھ دیر پہلے تک سکھجیندر سنگھ رندھاوا کا نام آگے چل رہا تھا ، لیکن آخری موقع پر چننی کے نام کا اعلان کردیا گیا ۔

چرنجیت سنگھ چننی کو وزیر اعلی بنائے جانے کا فیصلہ ہونے کے بعد اس عہدہ کے مضبوط دعویدار مانے جارہے سکھجیندر رندھاوا نے کہا کہ وہ پارٹی اعلی قیادت کے فیصلہ سے خوش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں سبھی ممبران اسمبلی کا شکرگزار ہوں ، جنہوں نے میرے حمایت کی ۔ چننی میرے بھائی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ میں سکھجیندر رندھاوا کے نام کو لے کر عام رائے بنانے کی کارروائی کی جارہی تھی ، لیکن کچھ ممبران اسمبلی رندھاوا کی مخالفت کررہے تھے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ سدھو کے حامی سکھجیندر سنگھ رندھاوا کو وزیر اعلی بنائے جانے کی مخالفت کررہے تھے ، جس کی وجہ سے چننی کے نام پر مہر لگی ۔

کون ہیں چرنجیت سنگھ چننی ؟

رام داسیا سکھ کمیونٹی سے آنے والے چننی پنجاب کی چمکور صاحب اسمبلی سیٹ سے ممبر اسمبلی ہیں ۔ کیپٹن کی کابینہ میں تکنیکی تعلیم اور صعنتی ٹریننگ کے وزیر رہے چننی کا نام ممبران اسمبلی اور آبزرورس کی دن بھر چلی میٹنگ میں طے کیا گیا ۔ چمکور سے تیسری مرتبہ ممبر اسمبلی رہے چننی 2015 ۔ 2016 تک پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رہ چکے ہیں ۔

راہل گاندھی کے قریبی مانے جانے والے چننی 2007 میں پہلی مرتبہ چمکور اسمبلی سیٹ سے ممبر اسمبلی بنے تھے ۔ چرنجیت سنگھ چننی ، کیپٹن امریندر سنگھ کی مخالف مانے جاتے ہیں ۔

Recommended