وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو پروجیکٹ 15Bکے پہلے اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر’وشاکھاپٹنم‘ کو ہندوستانی بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم گلوبلائزیشن کے دور میں جی رہے ہیں۔ تجارت کے میدان میں تقریباً تمام قومیں ایک دوسرے پر منحصر ہیں۔ ایسے میں دنیا کے استحکام، معاشی ترقی کے لیے ضابطے پر مبنی جہاز رانی کی آزادی، میری ٹائم کوریڈورز کی حفاظت پہلے سے زیادہ اہم ہو گئی ہے۔ آنے والے وقتوں میں ہندوستان نہ صرف اپنی ضروریات کے لیے بلکہ دنیا کی ضرورتوں کے لیے بھی بحری جہاز بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہند-بحرالکاہل کے خطہ سے دنیا میں دو تہائی سے زیادہ،تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ یعنی یہ خطہ پوری دنیا کے لیے مرکزی سڑک کا کردار ادا کرتا ہے۔ آج، جب ایم ڈی ایل ایس کے ذریعہ تیار کردہ ’وشاکھا پٹنم‘کو بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا گیا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ آنے والے وقتوں میں، ہندوستان نہ صرف اپنی بلکہ دنیا کی ضروریات کو بھی پورا کرے گا۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ یہ اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر جہاز مکمل طور پر مقامی ہے۔ جہاز سازی کے شعبے میں ہماری ’خود انحصاری‘ کسی وقت پوری دنیا میں ہماری پہچان کی ایک بڑی وجہ بن جائے گی۔