Urdu News

الیکشن کمیشن نے بنگال کے پانچ افسران کو انتخابی عمل سے ہٹا دیا

الیکشن کمیشن نے بنگال کے پانچ افسران کو انتخابی عمل سے ہٹا دیا

کولکاتا ، 26مارچ (انڈیا نیرٹیو)

بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے سے عین قبل الیکشن کمیشن نے بنگال میں انتخابی عمل سے پانچ مزید افسران کو الگ کردیا ہے۔ ان میں چار آئی پی ایس اور ایک ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر شامل ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ریاست کے اے ڈی جی (ویسٹ زون) سنجے سنگھ ، ڈائمنڈ ہاربر کے ایس پی ابھیجیت بینرجی ،کوچ بہار کے ایس پی ڈاکٹر کے کنان، جنوبی کولکاتا کے کڈی سی پی سدھیر نیل کنٹھ اور جھارگرام کی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر عائشہ رانی کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔ حکومت نے سنجے سنگھ کی جگہ ڈاکٹر راجیش کمار ، ابھیجیت بنرجی کی جگہ پر اریجیت سنہا ، ڈاکٹر کے کنان کی جگہ دیواشیش دھر ، سدھیر نیل کنٹھ کی جگہ آکاش مگھاریہ اور عائشہ رانی کی جگہ جویشی داس گپتا کی تقرری کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ انتخابات کا عمل مکمل ہونے تک تبادلہ کئے گئے آئی پی ایس افسران کسی بھی انتخابی متعلقہ ڈیوٹی میں نہ لگایا جائے۔ عائشہ رانی انتخابات ختم ہونے تک چیف سکریٹری کے دفتر سے منسلک رہیں گی۔

کمیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ ان تمام عہدیداروں پر حزب اختلاف بی جے پی اور دیگر جماعتوں نے حکمراںجماعت کو فائدہ پہنچانے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہیں اسی بنیاد پرٹرانسفر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بدھ کے روز الیکشن کمیشن نے ریاستی سیکورٹی کے ڈائریکٹر سرجیت کر پرکایستھ کو ہٹا دیا تھا۔ پورکایستھ ریاست کے ڈی جی پی رہ چکے ہیں۔

Recommended