Urdu News

حکومت کسانوں کو بیدار کررہی ہے: تومر

حکومت کسانوں کو بیدار کررہی ہے: تومر

نئی دہلی ، 20مارچ (انڈیا نیرٹیو)

زراعت اور کسان بہبود کے وزیر نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ کاشت کارکیڑے مار دوا اور کھادوں کا صحیح استعمال کریں، اس کے لیے انہیں بیدار کیا جارہا ہے۔وزیر موصوف نے جمعہ کے روز راجیہ سبھا میں پوچھے گئے سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں اپنی سطح پر کھادوں اور کیڑے مار ادویات کے استعمال کے لئے کاشتکاروں کی مناسب رہنمائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اپنی فیلڈ ایجنسیوں کے ذریعہ یہ یقینی بناتی ہے کہ کاشت کاروں کو مناسب مقدار میں کھاد اور کیڑے مار ادویات کے استعمال کے بارے میں صحیح معلومات دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسان اپنی فصلوں میں متوازن مقدار میں کھاد اور کیڑے مار ادویات کا استعمال کریں گے تو پھر اس کا انسانیت ، جانوروں اور ماحولیات پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔وزیر موصوف نے کہا کہ کرشی وگیان کیندر (کے وی کے) کسانوں کوبیدار کرنے کے لئے موثر کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ مراکز کسانوں کو اچھی کاشتکاری کے لئےترغیب دیتے ہیں اور کاشتکاروں کو صحیح معلومات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرمپراگت کرشی وکاس یوجنا(پی کے وی وائی ) اور نارتھ ایسٹ ریجن بایولوجیکل ویلیو چین ڈویلپمنٹ مشن (ایم او وی سی ڈی این ای آر) کے نام سے وقف اسکیموں کے تحت مٹی ، ماحولیات اور انسانی صحت کے لیےکیمیائی کھاد کے مستقل متبادل کے طور پر ترقی دی جاتی ہے۔ نامیاتی کاشت کاری کی اسکیموں کے تحت کاشت کاروں کو پیداوار سے لے کر مارکیٹنگ تک مدد فراہم کی جاتی ہے۔ نامیاتی مصنوعات کی فروخت کے لئے ایک آن لائن پورٹل بھی شروع کیا گیا ہے۔

Recommended