مہاراشٹر سرکار نے ہفتے کے آخری دنوں میں لاک ڈاؤن سمیت سخت کووڈ بندشوں کا اعلان کیا
مہاراشٹر سرکار نے کورونا وائرس انفیکشن کے سلسلے کو ختم کرنے کے لیے آج سے ریاست میں سخت پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔ آج رات سے پوری ریاست میں رات آٹھ بجے سے صبح سات بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ دن کے وقت دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور پانچ سے زیادہ لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام پابندیاں 30 اپریل تک جاری رہیں گی۔
تمام تفریحی پارک، مذہبی مقامات، سیلونز، پارلز، جِمز اور اِنڈور گیمز کی سہولتیں بند رہیں گی جب کہ سیاسی، ثقافتی اور سماجی اجتماعات پر بھی پابندی رہے گی۔ سنیما ہال اور تھیئٹر بھی بند رہیں گے۔ تمام پرائیوٹ دفاتر کو گھر سے کام کاج کرانا ہوگا جب کہ سرکاری محکمے، بینکنگ اور مالی سیکٹرز پچاس فیصد اسٹاف کی گنجائش کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔
صحت کا محکمہ پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔ ریاستی سیکریٹریٹ میں لوگوں کو ٹیکے کے سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنے ہوں گے۔
ایسی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو جہاں پانچ سے زیادہ معاملات ہیں‘ Containment زون قرار دیا جائے گا اور کسی بھی ضابطے کی خلاف ورزی کے لیے 10 ہزار روپے کا جرمانہ بھرنا ہوگا۔
شادی کی تقریبات میں پچاس سے زیادہ مہمانوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ 20 افراد کو ہی آخری رسوم میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ رات کا کرفیو رات آٹھ بجے سے صبح سات بجے تک جاری رہے گا۔ یہ سبھی پابندیاں 30 اپریل تک جاری رہیں گی۔