Urdu News

وزیر اعظم کا سرکار اور آکسیجن پیدا کرنے والی کمپنیوں کے درمیان بہتر تال میل پر زور

وزیر اعظم نریندر مودی

وزیر اعظم کا سرکار اور آکسیجن پیدا کرنے والی کمپنیوں کے درمیان بہتر تال میل پر زور

وزیراعظم نریندر مودی نے سرکار اور آکسیجن پیدا کرنے والی کمپنیوں کے درمیان بہتر تال میل برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیلنجوں سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ ہمیں بہت ہی کم وقت میں حل فراہم کرنے ہوں گے۔ وزیراعظم کل ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعے ملک بھر کے اہم آکسیجن مینوفیکچررس کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے تھے۔

جناب مودی نے کہا کہ ریاستوں کی آکسیجن کی ضروریات کو دھیان میں رکھتے ہوئے سرکار ریلویز اور فضائیہ کے موثر استعمال پر کام کر رہی ہے تاکہ ٹینکرس پیداوار کے مقام تک جلدی سے پہنچ سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرکار، ریاستوں، صنعت، ٹرانسپورٹوں اور تمام اسپتال کو ایک ساتھ آنے اور مِل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ بہتر تال میل کے ذریعے اِس چیلنج سے نمٹنے میں ہمیں آسانی ہوگی۔ 

جناب مودی نے پچھلے کچھ ہفتوں میں اپنی پیداوار بڑھانے کے لیے آکسیجن کمپنیوں کی ستائش کی ہے۔ انھوں نے رقیق آکسیجن کی پیداوار میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات کا ذکر کیا۔ انھوں نے ملک میں صنعتی آکسیجن کو میڈیکل ضروریات کی طرف موڑنے کے لیے صنعت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ 

صورت حال کو مزید بہتر بڑھانے کے لیے جناب مودی نے مستقبل میں آکسیجن کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے صنعت کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے پر بات کی۔ انھوں نے کہا کہ آکسیجن کے نقل و حمل کے لیے سہولیات کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ آکسیجن سلینڈروں کی دستیابی میں اضافے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے صنعت سے اپیل کی کہ وہ آکسیجن کی سپلائی کے لیے ان ٹینکروں کا بھی استعمال کریں جو دوسرے گیسوں کے ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ 

ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے مکیش امبانی، SAILکے چیئرپرسن سوما منڈل، JSWکے سجّن جندل، ٹاٹا اسٹیل کے نریندرن اور جندل اسٹیل اینڈ پاور لمیٹڈ کے نوین جندل سمیت سرکردہ صنعت کار اِس میٹنگ میں موجود تھے۔

Recommended