وزیراعظم آج پارٹی کے قیام کے دن کے موقع پر بی جے پی کارکنان سے خطاب کریں گے
وزیراعظم نریندر مودی آج بی جے پی کے قیام کے دن کے موقع پر ملک بھر کے پارٹی کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ جناب مودی صبح ساڑھے 10 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پارٹی کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ اِس موقع پر بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈّا بھی ورکروں سے خطاب کریں گے۔ پارٹی کے قیام کے دن کے موقع پر ملک بھر میں پارٹی کی طرف سے تمام بوتھوں پر مختلف سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ بی جے پی ورکرس پارٹی کی پالیسی کے بارے میں بحث ومباحثہ بھی کریں گے اور نریندر مودی حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
بی جے پی کی یوم تاسیس:
06اپریل1980کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی بنیاد رکھی گئی۔ شیاما پرساد مکھرجی کے ذریعہ بھارتیہ جن سنگھ سے اس پارٹی کی پیدائش ہوئی۔1977میں جن سنگھ کا کئی پارٹیوں میں انضمام ہوکر بھارتیہ جنتا پارٹی بنی۔1980میں جنتا پارٹی کو تحلیل کرکے بھارتیہ جنتا پارٹی کی بنیاد رکھی گئی۔ اٹل بہاری واجپئی اس پارٹی کے پہلے صدر بنے جو1980-1986تک اس عہدہ پر رہے۔ واجپئی 1996میں اس پارٹی کی طرف سے پہلے وزیراعظم بھی بنے۔ پارٹی نے حالیہ سالوں میں انتخابی کامیابی کی نئی تاریخ بنائی لیکن شروعاتی سالوں میں پارٹی کو مایوسی بھی ملی۔1984میں پارٹی کو لوک سبھا میں صر ف دو سیٹیں ملیں۔ اس کے بعد پارٹی نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ خاص طور پر2014اور2019کے لوک سبھا الیکشن میں زبردست کامیابی اور اس دوران کئی ریاستوں میں پارٹی کی حکومت یا اقتدار میں حصہ داری ، پارٹی کو نئے طریقے سے پہچان دلاتی ہے۔ اس کے ابتدائی اراکین کی تعداد کے لحاظ سے یہ دنیا کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔