Urdu News

ریزرو بینک نے ریپو ریٹ میں 0.35 فیصد اضافہ کیا

نئی دہلی / ممبئی، 07 دسمبر (انڈیا نیریٹو)

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے مسلسل پانچوی بار پالیسی سود کی شرح ریپو ریٹ میں 0.35 فیصد اضافہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریپو ریٹ 5.90 سے بڑھ کر 6.25 فیصد ہو گیا۔ ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی ) کی میٹنگ کے بعد اس کا اعلان کیا۔ ریپو ریٹ میں اضافے سے تمام قسم کے قرضے مہنگے ہو جائیں گے۔

مہنگائی کے دباو کے پیش نظر ایک بار پھر ریپو ریٹ میں 0.35 فیصد کا اضافہ کیا جا رہا ہے

ایم پی سی کی تین روزہ میٹنگ کے بعد بدھ کے روز منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں آر بی آئی کے گورنر نے کہا کہ مہنگائی کے دباو کے پیش نظر ایک بار پھر ریپو ریٹ میں 0.35 فیصد کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شکتی کانت داس نے مالی سال 2022-23 کے لیے جی ڈی پی کی شرح نمو 7 فیصد سے کم کرکے 6.8 فیصد رہنے پر اعتماد ظاہر کیا۔ داس نے تاہم کہا کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ہندوستانی معیشت مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام بنا ہوا ہے۔ یہ قدم عالمی غیر یقینی صورتحال کے درمیان مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔ داس نے کہا کہ بنیادی افراط زر کی شرح اب بھی بلند سطح پر قائم ہے۔ ایسی صورت حال میں مانیٹری پالیسی کی سطح پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت میں غیر یقینی صورتحال، خوراک کی قلت اور ایندھن کی بلند قیمتوں سے غریب سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ریزرو بینک نے رواں مالی سال میں مئی کے بعد سے پانچویں بار پالیسی سود کی شرح ریپو ریٹ میں اضافہ کیا ہے۔ اس سے قبل آر بی آئی نے مئی میں ریپو ریٹ میں 0.40 فیصد، جون میں 0.50 فیصد اور اگست میں 0.50 فیصد، ستمبر میں 0.50 فیصد اضافہ کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی کئی ریٹنگ ایجنسیوں نے جی ڈی پی کی شرح نمو کے تخمینے میں کمی کی ہے۔

Recommended