Urdu News

ریزرو بینک آف انڈیا نے کوآپریٹو سیکٹر کے لیے تین انتہائی اہم پالیسی فیصلوں کا اعلان کیا ہے

امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ

 

امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر  جناب امت شاہ نے کوآپریٹو بینکوں کے ذریعے  کریڈٹ فلو میں اضافے  کے واسطے آر بی آئی کے اعلان کردہ اہم اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کوآپریٹو سیکٹر کے لیے کئی  تاریخی فیصلے کئے ہیں، جن کی ایک طویل عرصے سے ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ امداد باہمی  کی وزارت اور کو آپریٹیو شعبے سے وابستہ کروڑوں لوگوں کی طرف سے، میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا ان فیصلوں کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کو اس شعبے  کی ترقی کو نئی تحریک دی ہے۔

امداد باہمی  کے مرکزی  وزیر جناب امت شاہ کی رہنمائی میں امداد باہمی  کی نئی وزارت کی تشکیل کے بعد کوآپریٹو سیکٹر کے بہت سے پرانے مطالبات اور مسائل حل ہو چکے ہیں۔ یہ فیصلے کوآپریٹو بینکوں کے دیرینہ مطالبات کو پورا کریں گے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ کوآپریٹو سیکٹر میں کسانوں، زراعت اور ملک کے دیہی علاقوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت’سہکار سے سمردھی‘ کے منتر کے ساتھ کوآپریٹو سیکٹر کو بااختیار بنا رہی ہے اور کئی  بے مثال فیصلے لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مجھے یہ بتاتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا نے کوآپریٹو سیکٹر کے لیے تین بہت  اہم پالیسی فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔

سب سے پہلے شہری کوآپریٹو بینکوں کے لیے انفرادی ہاؤسنگ لون کی حد کو دوگنا  کردیا گیا۔ اس فیصلے سے  ٹیئر 1 اربن کوآپریٹو بینکوں (یو سی بیز) کے لیے انفرادی ہاؤسنگ لون کی حد اب 30 لاکھ روپے سے بڑھا کر 60 لاکھ روپے  کردی گئی ہے، ٹیئر 2 یو سی بی کے لیے 70 لاکھ  روپے  سے بڑھا کر 1.40 کروڑ  روپےاور رورل کوآپریٹو بینکوں (آر سی بیز) کے لیے یہ حد 20 لاکھ روپے اور 30 ​​لاکھ  روپے سے بڑھا کر  بالترتیب 50 لاکھ  روپے اور 75 لاکھ روپے  کردی گئی ہے۔

ایک اور بڑے فیصلے میں، دیہی کوآپریٹو بینکوں (آر سی بیز) کو کمرشیل رئیل اسٹیٹ رہائشی ہاؤسنگ سیکٹر کو قرض دینے کی اجازت دی گئی ہے، جس سے ہمارے دیہی کوآپریٹو بینکوں کے دائرہ کار میں اضافہ ہو گا اور لوگوں کو سستے مکانات فراہم کرانے کے عزم کو بھی تحریک ملے گی۔

تیسرے بڑے فیصلے میں اب اربن کوآپریٹو بینکوں کو اپنے صارفین کو کمرشیل بینکوں کی طرح ڈور اسٹیپ بینکنگ کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے کوآپریٹو بینکوں کو اب مسابقتی بینکنگ سیکٹر میں ایک برابری کی سطح پر کام کرنے کا موقع ملے گا اور وہ  دیگر بینکوں کی طرح صارفین کو گھر گھر بینکنگ کی سہولیات بھی فراہم کر سکیں گے۔ کوآپریٹو بینکوں کے ذریعے ہاؤسنگ سیکٹر میں کریڈٹ فلو  میں اضافے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، سرمائے کی تشکیل میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جس کا معیشت پر بہت زیادہ  اثر پڑے گا۔

Recommended