سنیکت کسان مورچہ (ایس کے ایم) نے مرکزی حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ہفتہ کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا کہ آج مورچہ کے پانچ ارکان کے ناموں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلبیر سنگھ راجیوال، شیو کمار ککا، گرنام سنگھ چڈھونی، یودھویر سنگھ اور اشوک دھولے کو مرکزی حکومت کے ساتھ بات چیت کے لئے مورچہ کے ذریعہ طے کیا گیا ہے۔ یہی لوگ مرکزی حکومت کے سامنے سنیکت کسان مورچہ کا موقف پیش کریں گے۔
ٹکیت نے کہا کہ مورچہ 7 دسمبر کو دوبارہ ملاقات کرے گا اور مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ مذاکرات سے ہی حل ہوگا۔ اسی لیے ماضی میں ایس کے ایم نے ایک خط لکھ کر مرکزی حکومت سے بات چیت کی درخواست کی تھی، لیکن ابھی تک مرکز سے کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
ٹکیت نے کہا کہ ایم ایس پی سمیت کسانوں کے دیگر مسائل ہیں، جیسے کہ احتجاج کرنے والے کسانوں کے خلاف درج مقدمات کو واپس لینا، تحریک میں مرنے والے کسانوں کے خاندانوں کو مالی مدد دینا، ایسے بہت سے مسائل ہیں جن پر کسان تنظیمیں حکومت کے ساتھ آمنے سامنے بات چیت کرنا چاہتی ہیں۔