Urdu News

سپریم کورٹ نے کہا – دہلی کو روزانہ 700 میٹرک ٹن آکسیجن دی جائے

سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے 1200 میٹرک ٹن آکسیجن کرناٹک بھیجنے کے لیے کہا

نئی دہلی ، 07 مئی ( انڈیا نیرٹیو)

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت دہلی کو روزانہ 700 میٹرک ٹن آکسیجن فراہم کرے۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ اس کا حکم صرف ایک دن کے لئے نہیں ہے بلکہ مرکز اگلے احکامات تک دہلی کو روزانہ 700 میٹرک ٹن آکسیجن فراہم کرے ۔

عدالت نے مرکزی حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ ہمیں سخت احکامات دینے پر مجبور نہ کر یں۔ ہم کام چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ کرناٹک ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو 1200 میٹرک ٹن آکسیجن سپلائی کرنے کا حکم دیا ہے، وہ درست ہے۔ سماعت کے دوران مرکزی حکومت نے کہا کہ اگر تمام ہائی کورٹ آکسیجن کی فراہمی کے حوالے سے اسی طرح کے احکامات دینا شروع کردیتی ہیں تو پھر ایک بہت بڑا مسئلہ شروع ہوجائے گا۔

مرکز نے کہا کہ آکسیجن کا پورا ذخیرہ ہائی کورٹ کے سپرد کر دیا جائے اور وہ ہی اسے تقسیم کرے ۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ کرناٹک ہائی کورٹ کا فیصلہ بالکل درست ہے اور ہائی کورٹ نے اپنے عدالتی اختیارات کا صحیح استعمال کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف مرکزی حکومت کی درخواست پر سماعت سے انکار کردیا۔ تب عدالت نے کہا کہ ہم آپ کے مسئلے کو سمجھ سکتے ہیں لیکن کیا ہوگااگر کسی ریاست کو اس کی ضرورت کی آکسیجن نہیں ملے ۔ مرکزی حکومت نے کہا کہ آکسیجن کی فراہمی کے لئے پورے ملک کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے ۔ اسے ریاستوں کی بنیاد پرسوچ کر نہیں چلایا جاسکتا۔ اگر تمام ہائی کورٹ آکسیجن کی فراہمی کا حکم دینا شروع کردیں تو پورا نظام ٹھپ ہوجائے گا۔

Recommended