ہندوستان کے نائب صدر، جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج تمل ناڈو کے کونور کے قریب ایک ہوائی حادثہ میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف، جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ، محترمہ مدھولیکا راوت، فوج کے سینئر افسران اور دیگر اہلکاروں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
سوگوار خاندانوں کے اراکین کو اپنی طرف سے تعزیت پیش کرتے ہوئے، نائب صدر نے آج حیدرآباد میں ایک تقریب کے دوران سامعین سے ہلاک شدگان کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے لیے کہا۔ جنرل راوت کی شجاعت اور قربانی کو سلام کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے ان کی موت کو ملک کے لیے ایک نا تلافی نقصان بتایا اور ہوائی حادثہ میں جانوں کے بے وقت زیاں کو بہت بڑا سانحہ قرار دیا۔
نائب صدر نے کہا کہ اس ملک کے لوگ جنرل راوت کی قیادت اور وژن کے لیے ہمیشہ ان کے احسان مند رہیں گے۔