Urdu News

بھارت کو عالمی سبز توانائی بازار میں قائم کرے گا یہ بجٹ:وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی

نئی دہلی، 23 فروری

وزیر اعظم نریندر مودی نے  توانائی کے شعبے سے وابستہ ہر اسٹیک ہولڈر کو بھارت میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے مدعو کرتے ہوئیکہا کہ امرت کال کا بجٹ بھارت  کو عالمی سبز توانائی بازار میں ایک بڑے کھلاڑی کے طور پر قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیر اعظم مودی جمعرات کو گرین ڈیولپمنٹ پر پہلے پوسٹ بجٹ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد کے بجٹوں نے نہ صرف موجودہ چیلنجز سے نمٹا ہے بلکہ نئے دور کی اصلاحات کا بھی آغاز کیا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا، ”2014 کے بعد سے ہندوستان میں جتنے بھی عام بجٹ آئے ہیں، ان میں ایک پیٹرن رہا ہے۔پیٹرن  یہ ہے کہ ہماری حکومت کا ہر بجٹ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ نئے دور کی اصلاحات کو آگے بڑھاتا رہا ہے“۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کے بجٹ میں بھی صنعت کے لیے ‘گرین کریڈٹ’ ہے، تو کسانوں کے لیے پی ایم۔پرنام اسکیم بھی ہے۔ اس میں گاوں  کے لیے گووردھن یوجنا ہے،تو شہری علاقوں کے لیے گاڑیوں کی اسکریپنگ پالیسی بھی ہے۔اس میں گرین ہائیڈروجن پر زور ہے،توگیلی زمین کے تحفظ پر بھی توجہ دی گئی  ہے۔

وزیر اعظم نے کہا،”یہ بجٹ ہندوستان کو عالمی سبز توانائی مارکیٹ میں ایک بڑے کھلاڑی کے طور پر قائم کرنے میں بھی اہم رول ادا کرے گا۔ میں آج انرجی ورلڈ سے وابستہ ہر اسٹیک ہولڈر کوبھارت میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔ اس سال کے بجٹ میں گرین گروتھ کے حوالے سے جو تجاویز کی گئی ہیں، وہ ایک طرح سے ہماری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کا سنگ بنیاد ہیں“۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے سبز ترقی اور توانائی کی منتقلی کے لیے تین ستون قائم کیے ہیں، جن میں قابل تجدید توانائی کی پیداوار میں اضافہ، فوسل فیول کے استعمال کو کم کرنا اور گیس پر مبنی معیشت کی طرف بڑھنا شامل ہے۔

مودی نے کہا کہ ہندوستان گرین انرجی سے متعلق ٹیکنالوجی کے حوالے سے دنیا میں آگے بڑھ سکتا ہے۔یہ ہندوستان میں گرین جاب کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ گلوبل گڈ میں بھی بہت مدد کرےگا۔ بھارت قابل تجدید توانائی کے وسائل میں جتنی زیادہ کمانڈنگ پوزیشن میں ہوگا، وہ دنیا میں اتنی ہی زیادہ تبدیلی لا سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کو بیٹری ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرکے 125گیگاواٹ  گھنٹہ کرنا ہوگا۔ ہندوستان ہر سال 5 ملین ٹن گرین ہائیڈروجن پیدا کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے لیے 19000 کروڑ روپے کا پیکج فراہم کیا گیا ہے۔ بغیر فوسل والے ایندھن سے 40فیصد بجلی کی گنجائش، پیٹرول میں 20فیصد ایتھنول ملاوٹ ہدف کو تاریخ سے پہلے حاصل کر لیاگیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گاڑیوں کی ا سکریپنگ کی حوصلہ افزائی کے لیے بجٹ میں 3000 کروڑ روپے کی تجویز رکھی گئی ہے۔  15 سال سے زیادہ پرانی تقریباً 3 لاکھ سرکاری گاڑیوں کو کباڑ میں ڈالا جائے گا۔

Recommended