پاترا نے کانگریس کے مبینہ ٹول کٹ کے بارے میں نئےثبوت جاری کیے
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی ترجمان سمبت پاترا نے بدھ کے روز کانگریس کی جانب سے نریندر مودی حکومت کو بدنام کرنے کے لیے مبینہ طور پر تیار کردہ ٹول کٹ (دستاویز) کے سلسلے میں کچھ نئے ثبوت پیش کیے۔
پاترا نے دعوی کیا کہ متنازعہ ٹول کٹ سومیہ ورما نامی خاتون نے تیار کیا تھا جو کانگریس پارٹی کے تحقیقاتی شعبے سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا ممبر ، راجیو گوڑا کانگریس کے شعبہ تحقیق کے سربراہ ہیں اور سومیہ ورما اس میں تعینات ہیں۔ پاترا نے تحقیقاتی شعبہ سے وابستہ کارکنوں کی کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے ساتھ کھینچی گئی تصاویر بھی شیئر کیں۔ ان لوگوں میں دیگر لوگوں کے علاوہ سومیہ ورما بھی دکھائی دے رہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس پارٹی نے منگل کے روز سمبت پاترا کے ذریعہ جاری کردہ ٹول کٹ کوفرضی جعلی قرار دیا تھا اور اس سلسلے میں دارالحکومت کے تغلق روڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔ کانگریس نے بی جے پی کو چیلنج بھی کیا تھاکہ وہ ٹول کٹ کے بارے میں ثبوت پیش کرے۔ اس تنازعہ کے مرکز میں وہ ٹول کٹ ہے جس میں کانگریس کے ریسرچ شعبہ نے مبینہ طور پر پارٹی کارکنوں کو یہ ہدایت دی تھی کہ وہ کورونا وبا پر مودی حکومت کا محاصرہ کریں۔