Urdu News

سابق صدر جمہوریہ ہند جناب فخرالدین علی احمد کے یوم ولادت پر غالب انسٹی ٹیوٹ کا خراج عقیدت

سابق صدر جمہوریہ ہند جناب فخرالدین علی احمد

سابق صدر جمہوریہ ہند جناب فخرالدین علی احمد کے 116ویں یوم ولادت پر غالب انسٹی ٹیوٹ نے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ جناب فخرالدین علی احمد کے فرزند اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے چیرمین جسٹس بدر در ریز احمد نے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ فخرالدین علی احمد ملک و قوم کے دردمند رہنما تھے انھوں نے تعلیمی اور فکری پسماندگی کو دور کرنے کے لیے جو قدم اٹھائے وہ بہت بنیادی ہیں۔

غالب انسٹی ٹیوٹ کے چیرمین پروفیسر صدیق الرحمٰن قدوائی نے کہا کہ فخرالدین علی احمد مستقبل بیں تھے ان کے ذریعے جو قدم اٹھائے گئے آج ان کی معنویت سب پہ ظاہر ہے۔ اصل میں ایسے ہی رہنما صحیح معنوں میں قائد کہلانے کے مستحق ہوتے ہیں۔ خدا ان کے درجات بلند فرمائے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے وہاں کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد اور جناب عبد التوفیق نے صدر جمہوریہ کے مزار پر حاضر ہو کرگلہائے عقیدت پیش کیے اور فاتحہ خوانی کی۔

ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ فخرالدین علی احمد بڑا ذہن رکھنے والی شخصیت تھے ان کے یوم پیدائش پرانھیں یاد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ملک و قوم کے لیے انھوں نے جو خواب دیکھے تھے ہم ان کی تعبیر کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں۔ انھوں نے ملک کی ترقی اور سالمیت کے لیے موثر اقدام کیے۔ ان کی دور اندیشی کا ہی نتیجہ ہے غالب انسٹی ٹیوٹ جیسا ادارہ بین الاقوامی سطح پرعلمی اور ثقافتی حوالے سے اپنی شناخت قائم کر سکا۔

یہ میری سعادت ہے کہ میں پچھلے تیس سال سے ان کے یوم پیدائش و وفات پر یہاں حاضر ہوتا رہا ہوں۔ ہمالیہ ٹرسٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق، پارلیمنٹ اسٹریٹ مسجد کے امام جمعہ و جماعت جناب محب اللہ ندوی اور دیگر حضرات نے بھی مزار پر حاضری دی اور مرحوم کے لیے دعائے خیر فرمائی۔

Recommended