Urdu News

مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے گجرات پولیس کےلیے رہائشی اور غیر رہائشی عمارتوں کا افتتاح کیا

داخلی امور اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ

 نئی دہلی،29 مئی ، 2022/ داخلی امور اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے گجرات کے اپنے دورے کے آج دوسرے دن کھیڑا میں 348 کروڑ روپے کی لاگت سے گجرات پولیس کےلیے رہائشی اور غیر رہائشی عمارتوں کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام میں بہت سی شخصیتیں موجود تھیں جن میں گجرات کے وزیر اعلیٰ  جناب بھوپیندر پٹیل اور مرکزی وزیر جناب دیو سنھ چوہان بھی شامل ہیں۔

اس موقعے پر جناب امت شاہ نے کہا کہ سردار پٹیل کی پیدائش کی جگہ پر آکر مجھے ہمیشہ ایک نیا شعور اور توانائی حاصل ہو جاتی ہے۔  کیونکہ بھارت کے پورے نقشے میں اس مرد آہن کی وجہ سے آج ایک متحد بھارت کے وژن نے ہمارے سامنے حقیقت کا روپ اختیار کیا ہے۔ ملک کی آزادی کے وقت بہت سے لوگ یہ سوچ رہے تھے کہ یہ ملک کس طرح 600 سےزیادہ نوابی ریاستوں کو متحد کرے گا۔ اور اگر سردار پٹیل نہ ہوتے تو یہ ممکن نہ ہوتا۔ انہوں نے پورے ملک کو متحد کیا خواہ جونا گڑھ ہو ، جودھ پور ہو، حیدرآباد یا لکشدویپ ہو۔ سردار پٹیل نے ملک کو متحد کرنے کا کام انجام دیا۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ پورے ملک کی پولیس فورس ملک کی اندرونی سلامتی  کی پابند ہے۔ ملک کی پولیس فورس نے بے شمار نئے چیلنجوں سے مقابلہ کرتے ہوئے خود کو جدید ترین بنایا ہے۔ جو لوگ ملک کو توڑنا چاہتےہیں انہوں نے بدنیتی کے ساتھ بہت سی سازشیں رچیں  لیکن  ملک کی پولیس فورس نے اپنے ہنر ، وطن پرستی، صلاحیت اور شعور کی بنیاد پر ان لوگوں کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کوشش میں پولیس فورس کے 35000 سے زیادہ لوگوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ آج اس پروگرام کے ذریعے میں گجرات کے عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ان 35000 پولیس اہلکاروں نے مادر وطن کے لیے جانوں کی قربانی نہ دی ہوتی تو ہم محفوظ نہیں ہو سکتے تھے۔ یہ ناممکن ہے کہ کسی شہید پولیس اہلکار کے کنبے کو معاوضہ دیا جائے۔ لیکن کسی بھی شہید سپاہی کی شہادت کو ملک کی تاریخ میں سنہرے لفظوں سے لکھا جائے گا۔

جناب شاہ نے کہا کہ آج بہت سے کاموں کا افتتاح کیا جا رہا ہے ۔ تقریباً 348 کروڑ روپے کے خرچ پر  57 مختلف عمارتوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے ۔ ان میں آئی بی آفس، کتوں کے رہنے کی جگہ، ٹرانسپورٹ محکمے کی عمارت ، وائر لیس ورکشاپ، پولیس بیرک، پولیس ڈسپینسری ، پولیس اسٹیشن  اور رہائشی عمارت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 20 سال میں جناب نریندر مودی 2001 میں گجرات کے وزیراعلیٰ بنے تھے ۔ اس وقت سے آج تک جناب بھوپیندر پٹیل جی 2022 میں وزیر اعلیٰ ہیں۔ ہماری حکومت نےتقریباً 3840 کروڑ روپے خرچ کر کے 31146 پولیس عملے کو مکانات فراہم کیے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے شکتی پنچ امرت یعنی علم کی طاقت، دفاع کی طاقت، پانی کی طاقت، عوام کی طاقت، توانائی کی طاقت کی بنیاد پر گجرات کی ترقی کی بنیاد رکھی۔

جناب امت شاہ نے کہاکہ خواہ کوئی تہوار ہو پولیس عملہ ہم سبھی کی حفاظت کی ذمہ داری لیتا ہے۔  رکشا بندھن ہو، دیوالی، ہولی ، رتھ یاترا ہو یا کوئی دیگر تہوار پولیس عملہ تہوار منانے کے بجائے ریاست میں نظم و ضبط کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کےلیے سڑکوں پر کھڑا ہوتا ہے۔ رتھ یاترا کے دن ہم بھگوان جگن ناتھ کے درشن کےلیے مندر جاتے ہیں لیکن پولیس عملہ رتھ یاترا کا لطف لینے کے لیے کوئی چھٹی نہیں کرتا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عملے کی قربانی کسی بھی محکمے کے ملازمین کے مقابلے بہت بلند ہے کیونکہ سبھی محکموں کے ملازمین کے کام کے گھنٹے مقرر ہیں۔ لیکن پولیس عملے کےلیے کوئی وقت محفوظ نہیں ہے۔ یہ لوگ 24 گھنٹے کام کرتے ہیں ہم ان میں کوئی تبدیلی نہیں کر سکتے۔ لیکن ہم ان 31000 جوانوں کو گھر فراہم کر کے یقین دہانی کر سکتے ہیں کہ آپ گجرات کی دیکھ بھال کریں۔ گجرات حکومت آپ کے کنبے کی دیکھ بھال کے لیے بیٹھی ہے۔  ان 31000 کنبوں کو گھر فراہم کر کے آج مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہو رہا ہے کہ میں خود گجرات سے مرکز گیا ہوں۔ آج میں فخر سے کہہ رہا ہوں کہ پولیس سے متعلق اطمینان کے تناسب میں پورے ملک میں گجرات کا پہلا درجہ ہے۔ 

مرکزی وزیر داخلہ نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں نے سماج کے بیچ لڑائی کرانے ، فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے اور نظم و ضبط کی صورتحال بگاڑنے کے لیے کام کیا جس کا نتیجہ گجرات میں یہ ہوا کہ 200 دن تک کرفیو لگایا گیا۔ جن میں سے اگر کوئی شخص صبح کے وقت کام کرنے جاتا تھا تو اس کی کوئی گارنٹی نہیں ہوتی تھی کہ وہ شام کو واپس آجائے گا۔ بینک ، تجارتی ادارے اور فیکٹریاں بہت دن تک بند رہے اور ان کا معاشی نقصان ہوا۔ رتھ یاترا کے دوران لوگ یہ سمجھتے تھے کہ کوئی تشدد برپا ہو جائے گا۔ لیکن گجرات میں ہماری سرکار آجانے کے بعد سے رتھ یاترا پر کسی نے حملے کی کوشش نہیں کی۔ ہماری پارٹی نے جناب نریندر مودی کی قیاد ت میں گجرات کی حفاظت شروع کر دی۔  جناب شاہ نے کہا کہ ایک سرحدی ریاست ہونے کے باوجود گجرات کسی کے ساتھ خشامدی رویہ اپنانے کے بجائے امن قائم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اتنی لمبی سمندری سرحد کے باوجد جو پاکستان سے متصل ہے کسی کی ہمت نہیں ہے کہ وہ گجرات کے کسی علاقے میں گڑبڑ پیدا کرنے کی ہمت کرے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے حال ہی میں نشیلی اشیاء پر قابو پانے والے بیورو کے ذریعے ایک ساتھ سبھی ریاستوں کی پولیس کو مربوط کر کے منشیات کے خلاف ایک مہم شروع کی ہے۔ آج گجرات نے پورے ملک کو منشیات پر قابو پانے کے لیے کی جانے والی لڑائی کا راستہ دکھا دیا ہے۔

انہوں نے کہا  کہ خواہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہو، نظم و ضبط توڑنے والے مختلف ایجیٹیشنز ہوں ، بحری سلامتی ہو، جرائم کی بدلتی ہوئی شکل ہو، سائبر جرائم ہوں، مالی جرائم ہوں، منشیات ہوں یا ان کی اسمگلنگ ہوں ان سب کے باجود گجرات پولیس نے ان سب سے دو قدم آگے رہنے کی پالیسی بنائی ہوئی ہے۔

داخلی امور اور امداد باہمی کے وزیر نے کہا کہ چاہے گجرات میں ویکسینیشن ہو، غریبوں کو مفت خوراک کی فراہمی ہو، انفرا اسٹرکچر کا فروغ ہو، کوئلے کی قلت کے باوجود بغیر رکاوٹ بجلی سپلائی کی یقین دہانی ہو، گجرات میں غیر ملکی راست سرمایہ کاری شروع کرنا ہو، صنعتی شعبے میں گجرات کو اول نمبر پر لانا ہو، حکومت نے اس روایت کو آگے بڑھایا ہے  جو جناب نریندر مودی نے بہت سی کوششوں سے شروع کی تھیں۔ گجرات وزیراعظم کی طرف سے شروع کی گئی سبھی اسکیموں پر عمل درآمد کے معنوں میں پہلے نمبر پر ہے اور یہی وجہ ہے کہ پورا ملک اس بات کو حیرت سے دیکھ رہا ہے کہ نریندر مودی کی شروع کردہ ان اسکیموں پر بھوپیندر پٹیل کی قیادت میں عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

Recommended