Urdu News

مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی نے نئی دہلی میں ’47ویں یوم ریاست‘تقریبات سے خطاب کیا

شمال مشرقی خطہ کی ترقی کے وزیر جناب جی کشن ریڈی

 

نئی دہلی،  19/مئی 2022 ۔

–    سکم دنیا کی پہلی ریاست بن گئی ہے جو 100 فیصد نامیاتی ہے اور یہ اس بات کی ایک بہترین مثال ہے کہ ترقی اور پائیداری ساتھ ساتھ چل سکتی ہے۔

–    رابطہ کاری (کنکٹیوٹی) حکومت کے بنیادی ایجنڈوں میں سے ایک بن گئی ہے۔

–    کیپٹل روڈ اور ریل کنکٹیوٹی پروجیکٹ 2023 تک مکمل ہو جائیں گے۔

ثقافت، سیاحت اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر جناب جی کشن ریڈی نے ایمفی تھیٹر، نیو موتی باغ، نئی دہلی میں سکم کے گورنر شری گنگا پرساد اور سکم کے قابل احترام وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ کی موجودگی میں ’سکم کے 47ویں یوم تاسیس‘کی تقریبات سے خطاب کیا۔

معزز سامعین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے، جناب ریڈی نے کہا کہ اس عظیم الشان ہمالیائی ریاست نے مختلف شعبوں میں اپنے لیے ایک جگہ بنائی ہے اور یہ بھارت میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ریاستوں میں شامل ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ 100 فیصد او ڈی ایف اسٹیٹس کے اور پائیدار ترقی کی ایک بڑی مثال قائم کرتے ہوئے سکم دنیا کی پہلی ریاست بن گئی ہے جو 100 فیصد نامیاتی ہے اور یہ اس بات کی ایک بہترین مثال ہے کہ ترقی اور پائیداری ایک ساتھ چل سکتی ہے۔ سکم نے حال ہی میں این ای آر  کے لیے نیتی آیوگ کے ایس ڈی جی انڈیکس میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے۔

جناب ریڈی نے کہا کہ ’’سکم کو مشرق کا سوئٹزرلینڈ کہنے کے بجائے، مجھے یقین ہے کہ ایک دن ایسا آئے گا، جب دنیا کے لوگ اپنے خوبصورت مقامات کو ’مغرب کا سکم‘ کہیں گے۔ جناب ریڈی نے ٹریولرز اور سیاحوں سے درخواست کی کہ وہ سکم کے کچھ پسندیدہ علاقوں کا دورہ کریں، جن میں عالمی وراثتی مقام کنچند زونگا نیشنل پارک، پرامن اور خوبصورت تیستا ندی، دنیا کی بلند ترین جھیلوں میں سے ایک خوبصورت گرودونگمار جھیل،   زولوک، لاچنگ، لاچین اور یمتھانگ ویلی وغیرہ شامل ہیں۔

قابل احترام وزیر جناب جی کشن ریڈی نے اس بات پر زور دیا کہ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند نے شمال مشرقی خطہ کی ترقی کو ایک ترجیح کے طور پر رکھا ہوا ہے۔ مرکز، ریاست اور سول سوسائٹی کے اجتماعی وژن سے کنکٹیوٹی اور سیکورٹی کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔

مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ تال میل اور فوری تعاون کو فروغ دینے کے لیے، عزت مآب مرکزی وزراء ہر ماہ شمال مشرقی ریاستوں کا دورہ کررہے ہیں۔ عزت مآب وزراء عوام کی تجاویز اور مطالبات سنتے ہیں اور ترجیحی بنیاد پر ضروری کارروائی کی جاتی ہے۔

قابل احترام وزیر جناب ریڈی نے سکم میں حکومت ہند کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی:

•   کنکٹیوٹی حکومت کے بنیادی ایجنڈوں میں سے ایک بن گیا ہے۔

•   سکم کو 2018 میں پاک یونگ میں اپنا پہلا ہوائی اڈہ ملا۔

•   کیپٹل روڈ اور ریل رابطے کے منصوبے 2023 تک مکمل ہو جائیں گے۔

شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت نے متعدد اسکیموں کے توسط سے سکم میں متعدد پروجیکٹوں کو بھی منظوری دی ہے:

•   این ای سی کے توسط سے گزشتہ 8 برسوں میں 215 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے۔

•   نارتھ ایسٹ روڈ سیکٹر ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت، 2019 سے اب تک 95 کروڑ کے پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے۔ اے ڈی بی کی مدد سے 179 کروڑ روپے کا ایک سڑک پروجیکٹ بھی مکمل ہو چکا ہے۔

•   اس کے علاوہ 2014-15 سے 491 کروڑ روپئے کی لاگت والے 23 پروجیکٹوں کو منظوری دی جاچکی ہے اور اس مدت کے دوران 702.93 کروڑ روپے کی لاگت والے 46 پروجیکٹوں کی تکمیل ہوئی ہے۔ (این ای ایس آئی ڈی ایس اور این ایل سی پی آر)۔

•   پی ایم – ڈیوائن اسکیم شمال مشرقی خطے کی مجموعی ترقی کے لیے مزید مواقع فراہم کرے گی جس کے لئے 1500 کروڑ روپئے کا مختص بجٹ ہے۔

• سکم میں، مغربی سکم اور جنوبی سکم میں 122 کروڑ روپئے کے دو روپ وے پروجیکٹوں کو اسکیم کے پہلے مرحلے میں گیپ فنڈنگ ​​کے لیے منظوری دی گئی ہے۔ اس سے خطے میں سیاحت کو بڑا فروغ ملے گا۔

• مزید یہ کہ اس خطے کی، زراعت، باغبانی اور پھولوں کی افزائش کی بے پناہ صلاحیت کو بھی استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

• ایگریکلچر ٹاسک فورس کی تشکیل کی گئی ہے، تاکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ خطے کی زرعی صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے اور وزارت زراعت کے تمام فنڈز کو خطے میں بہترین طریقے سے استعمال کیا جائے۔

قابل احترام وزیر جناب جی کشن ریڈی نے عزت مآب وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ کی زیر قیادت سکم حکومت سے درخواست کی کہ وہ ٹاسک فورس میٹنگ کے دوران اٹھائے جانے والے تمام اہم مسائل کی نشاندہی کرے اور اس کا بہترین استعمال کرے۔

جناب ریڈی نے بتایا کہ آنے والے مہینے میں تمام وزرائے اعلیٰ اور چیف سکریٹریوں کے ساتھ ایک دو روزہ ورکشاپ منعقد کی جائے گی، جس میں خطے کی ترقی سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ’’سکم کو بھی سرمایہ کاروں کے لیے نقشے پر ابھرنا چاہیے۔ سیاحت، زراعت، مویشی پروری وغیرہ جیسے شعبوں میں بڑے امکانات کے پیش نظر، ہمیں دنیا کے سامنے اس طاقت کو دکھانے اور عالمی لیڈر بننے کی ضرورت ہے۔‘‘ انھوں نے یقین دلایا کہ مرکزی حکومت ہر ممکن مدد دے گی اور پورے شمال مشرقی خطے کی ترقی کے لئے حکومت ہند اور ریاستی حکومتیں مل جل کر کام کریں گی۔

Recommended