Urdu News

وزیر اعظم مودی کا اروناچل پردیش کی گولڈن جوبلی اور ریاست کے 36 ویں یومِ تاسیس کے جشن سے خطاب کا متن

وزیر اعظم مودی

 نئی دلّی ،20 فروری /  

اروناچل پردیش کے میرے بھائیو اور بہنو !

جے ہند !

آپ سبھی کو اروناچل پردیش کے ریاست کے 36ویں (چھتیسویں) یومِ تاسیس کی بہت بہت مبارکباد ۔ 50 سال پہلے نیفا کو اروناچل پردیش کے طور پر  نیا نام، نئی پہچان ملی تھی ۔ اُگتے سورج کی ، اِس پہچان کو ، اِس نئی توانائی کو ، اِن 50 سالوں میں آپ سبھی محنتی، محب وطن بہنوں اور بھائیوں نے لگاتار مضبوط کیا ہے۔ اروناچل کی اسی شان کو دیکھتے ہوئے ، پانچ دہائیوں  پہلے بھارت رتن ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا جی نے ’ اروناچل ہمارا ‘ نام سے ایک گیت لکھا تھا۔ مجھے پتہ ہے کہ یہ گیت  اروناچل کے ہر باشندے کو بہت پسند ہے۔ کوئی بھی تقریب اس گیت کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔ اس لئے  میں بھی آپ سے بات کرتے ہوئے  ، اس گیت کی  کچھ سطریں ضرور بولنا چاہتا ہوں۔

ارون کرن شیش بھوشن ،

ارون کرن شیش بھوشن ،

کَنٹھ ہِم کی دھارا ،

پربھات سورج چُمبت دیش ،

اروناچل ہمارا ،

ارونا چل ہمارا ،

بھارت ماں کا راج دُلارا ،

بھارت ماں کا راج دُلارا ،ٍ

اروناچل ہمارا !         

 

ساتھیو،

         حب الوطنی اور سماجی ہم آہنگی کے ، جس جذبے کو اروناچل پردیش نے نئی اونچائی دی ہے، اپنے ثقافتی ورثے کو ، جس طرح محفوظ رکھا ہے ، روایت اور ترقی کو ، جس طرح  آپ  ساتھ ساتھ لے کر چل رہے ہیں، وہ پورے ملک کے لئے تحریک ہے۔

ساتھیو،

         آزادی کے امرت مہوتسو پرملک ، اروناچل پردیش کے ، اُن تمام شہیدوں کو بھی یاد کر رہا ہے ، جنہوں نے خود کو قوم کے لئے وقف کر دیا۔ اینگلو آبور جنگ ہو یا پھر آزادی کے بعد سرحد کی حفاظت، اروناچل کے لوگوں کی بہادری کی داستانیں ہر بھارتی کے لئے انمول ورثہ ہیں۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے کئی بار آپ کے درمیان آنے کا موقع ملا ہے ۔ مجھے اس بات کا بھی بہت اطمینان ہے کہ ہمارے وزیر اعلیٰ اور نوجوان وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو جی کی سربراہی  میں ، جس امید  کے ساتھ  آپ نے ہم پر بھروسہ کیا تھا ،  اُس پر حکومت پوری اتر رہی ہے ۔ آپ کا بھروسہ ڈبل انجن کی حکومت کو اور زیادہ کام کرنے کے لئے ترغیب دیتا ہے   اور مزید کام کرنے کے لئے طاقت دیتا ہے ۔ سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کا یہ راستہ اروناچل پردیش کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے والا ہے ۔

ساتھیو،

         میرا یہ پختہ یقین رہا ہے کہ مشرقی بھارت  اور خاص طور پر شمال مشرقی بھارت ، 21ویں صدی میں ملک کی ترقی کا انجن بنے گا۔ اس جذبے کے ساتھ اروناچل پردیش کی ترقی کو تیز کرنے کے لئے پچھلے 7 سالوں میں بے مثال کام کیا گیا ہے۔ کنکٹیویٹی اور پاور  کے تعلق سے بنیادی ڈھانچے پر وسیع تر کام ، آج اروناچل میں زندگی اور کاروبار کو آسان بنا رہا ہے۔ ایٹا نگر سمیت شمال مشرق کے تمام دارالحکومتوں کو ریل رابطے سے جوڑنا ہماری ترجیح رہی ہے۔ ہم اروناچل کو مشرقی ایشیا کا ایک بڑا گیٹ وے بنانے کے لئے پوری قوت سے لگے ہوئے ہیں۔ قومی سلامتی کے معاملے میں بھی اروناچل کے کردار کو دیکھتے ہوئے جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی جا رہی ہے ۔

ساتھیو،

         ہم اروناچل میں ترقی، فطرت، ماحول اور ثقافت کی  ہم آہنگی کے ساتھ مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ آپ سب کی کوششوں کی وجہ سے، آج یہ ملک کے سب سے نمایاں حیاتیاتی تنوع والے علاقوں میں سے ایک ہے۔ مجھے بہت خوشی ہوتی ہے ، جب پیما کھانڈو جی لگاتار اروناچل کی ترقی کے لئے کوشش کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ۔  صحت، تعلیم، اسکل ڈیولپمنٹ، خواتین کو بااختیار بنانے، سیلف ہیلپ گروپس ، ایسے ہر موضوع پر وہ سرگرم رہتے ہیں ۔ ملک کے وزیر قانون جناب کرن رجیجو جی ، اُن سے بھی ، جب میری بات ہوتی ہے تو اُن کے پاس اروناچل کو آگے لے جانے کے لئے نئے نئے آئیڈیاز ہوتے ہیں ، بہت سی  تجاویز ہوتی ہیں  ۔ ہر بار کچھ نیا کرنے کی خواہش ہوتی ہے۔

ساتھیو،

         اروناچل کو قدرت نے اپنے خزانے سے بہت کچھ دیا ہے۔ آپ نے فطرت کو زندگی کا حصہ بنایا ہے۔ اروناچل کی اس سیاحتی صلاحیت کو پوری دنیا تک پہنچانے کے لئے ہم کوششیں کر رہے ہیں۔ آج کے اس موقع پر ، میں آپ کو پھر سے یقین دلاتا ہوں کہ ڈبل انجن کی حکومت اروناچل پردیش کے خوابوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔ آپ  سبھی کو ایک بار پھر  یوم تاسیس اور اروناچل پردیش نام کے 50 سال مکمل ہونے کی بہت بہت مبارکباد !

بہت بہت شکریہ  

Recommended