Urdu News

اتراکھنڈ: ہلدوانی کے بنبھول پورہ کے 50 ہزار لوگوں کو بڑی راحت

ہلدوانی کے بنبھول پورہ کے 50 ہزار لوگوں کو بڑی راحت

ہلدوانی میں 29 ایکڑ زمین خالی کرانے کے اتراکھنڈ ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف دائر درخواستوں پر جمعرات کو سپریم کورٹ کا ایک اہم فیصلہ آیا جس پر سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے تجاوزات ہٹانے پرحکم امتناعی دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی اتراکھنڈ حکومت کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے تجاوزات اور توڑ پھوڑ پر پابندی لگاتے ہوئے کہا کہ سات دن میں ہزاروں افراد کو ہٹانا ممکن نہیں ہے۔ عدالت نے تمام فریقین کو ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔ اس ایک ماہ کے دوران تمام فریقین اپنے اپنے جوابات سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گے۔ کیس کی اگلی سماعت 7 فروری کو ہوگی۔ بنبھول پورہ کے لوگوں نے تالیاں بجا کر عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

 ہلدوانی میں ریلوے کی 29 ایکڑ اراضی پر سے تجاوزات ہٹانے کے اتراکھنڈ ہائی کورٹ کی ہدایت کو چیلنج کرنے والی درخواست پر سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ آیا ہے ۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ “ہائی کورٹ نے ریلوے حکام کی جانب سے 7 اپریل 2021 کی مبینہ حد بندی کی رپورٹ پر غور نہ کرنے میں ایک سنگین غلطی کی  ہے‘‘۔

رہائشیوں نے دلیل دی کہ ریلوے اور ریاست کے حکام کے ذریعہ اپنائے گئے ’منمانے اور غیر قانونی‘نظریہ کے ساتھ ساتھ ہائی کورٹ کے ذریعہ اسے بنائے رکھنے کی وجہ سے  ان کے پناہ کے حق کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

 سپریم کورٹ سے اسٹے ملنے کے بعد  کانگریس کے تمام لیڈران نے سپریم کورٹ کمپلیکس کے باہر ایک دوسرے کو مٹھائی بھی کھلائی ، ہلدوانی سے کانگریس ایم ایل اے، سمیت ہردیش نے کہا کہ اس جیت کی مبارکباد کا مستحق سپریم کورٹ ہے، کیونکہ یہ انصاف کا مندر ہے اور یہاں کوئی کبھی مایوس نہیں ہوتا ہے۔

Recommended