نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدوار جگدیپ دھنکھڑ نے پیر کو نائب صدر کے انتخاب میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی مرکزی وزراء اور سینئر لیڈروں کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔دھنکھڑ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں لوک سبھا سکریٹری اْتپل کمار سنگھ کے دفتر میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور نیشنل ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری، بی جے پی صدر جے پی نڈا بھی موجود تھے۔
ہفتہ کوبی جے پی زیرقیادت این ڈی اے نے مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھڑکو نائب صدر کے انتخاب کے لیے اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد دھنکھڑ نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔نائب صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ 6 اگست کو ہونی ہے۔ اندراج کی آخری تاریخ 19 جولائی ہے۔ اپوزیشن نے کانگریس کی سینئر لیڈر مارگریٹ الوا کو دھنکھڑ کے خلاف اپنا امیدوار بنایا ہے۔قابل ذکر ہے کہ الوا راجستھان کے سابق گورنر ہیں۔ وہیں دھنکھڑ راجستھان کے رہنے والے ہیں۔
راجستھان کے جھنجھنو ضلع میں پیدا ہوئے جگدیپ دھنکھڑ نے اپنی اسکولی تعلیم چتور گڑھ سینک اسکول سے مکمل کی۔ فزکس میں بیچلر کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے راجستھان سے ہی قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے راجستھان ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں پریکٹس کی۔ وہ پہلی بار 1989 میں لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ بنے تھے۔ وہ جھنجھنو سے ہی لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ 1990 میں وہ پارلیمانی امور کے وزیر مملکت بنے۔ 1993 میں اجمیر ضلع کی کشن گڑھ ودھان سبھا سے راجستھان قانون ساز اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔ سال 2019 میں انہیں مغربی بنگال کا گورنر بنایا گیا۔