کھادی اور گرام ادیوگ کمیشن کے سابق چیئرمین ونے کمار سکسینہ نے جمعرات کو دہلی کے 22ویں لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر حلف لیا۔ انہیں دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وپن سانگھی نے راج بھون میں ایک سادہ تقریب میں حلف دلایا۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور ان کے ساتھی وزرا نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ چیف سکریٹری اور دیگر افسران بشمول بی جے پی اور دہلی کے AAPلیڈران پروگرام میں موجود تھے۔
سکسینہ تین دہائیوں سے پرائیویٹ سیکٹر میں کام کر رہے ہیں اور پچھلے چھ سالوں سے کھادی اینڈ ولیج انڈسٹری کمیشن کے ساتھ ہیں۔قابل ذکر ہے کہ انیل بیجل، جو پانچ سال سے زیادہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر تھے، نے حال ہی میں ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔