جلال آباد (پنجاب) ، 02 فروری (انڈیا نیرٹیو)
ضلع فاضلکا کے شہر جلال آباد میں آج اکالی دل اور کانگریس کارکنوں کے درمیان پرتشدد تصادم میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ یہ تصادم میونسپل کارپوریشن انتخابات میں تحصیل آفس ، جلال آباد میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے دوران پیش آیا ، جہاں سکھبیر سنگھ بادل بھی ان کے حمایتی امیدوار کے ہمراہ تھے۔ یہیں پر کانگریس اور اکالی دل کے کارکنوں کے مابین تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں پتھراو اور فائرنگ ہوئی۔
پولیس نے پچھلے دروازے سے ہی سکھبیر سنگھ بادل کو تحصیل دفتر میں داخل کیا تھا۔ جب تصادم اور پتھراو ہوا تو سکھبیر بادل وہاں موجود تھے۔ اس پتھراو میں سکھبیر بادل کی گاڑی اور ان کے قافلے کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اس جھڑپ کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو کارکن بھی زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر فاضلکا ایس ایس پی ہردیپ سنگھ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اکالی دل کا الزام ہے کہ سکھبیر اور اکالی کارکنوں پر جلال آباد کے کانگریس ممبر اسمبلی کے بیٹے رویندر اولا کی قیادت میں شرپسندوں نے منظم طریقے سے حملہ کیا۔