Urdu News

ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت اور انویسٹ انڈیا کے ذریعہ ورچووَل پی پی پی روڈ شو کا اہتمام

ہردیپ سنگھ پوری

 

 

نئی دہلی، 21 جنوری 2022:

ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت (ایم او ایچ یو اے) اور قومی سرمایہ کاری فروغ اور سہولت ایجنسی، انویسٹ انڈیا کے ذریعہ آج اسمارٹ سٹیزی مشن کے تحت پی پی پی مواقع کو پیش کرنے کے لیے ایک ورچووَل روڈ شو منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام اس طرح کا اولین انویسٹر روڈ شو تھا جس نے اسمارٹ سٹی کے مختلف سی ای او حضرات کو اپنے شہروں سے لے کر نجی سرمایہ کاروں اور اسٹارٹ اپس تک ، براہِ راست پی پی پی کے مواقع پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔ ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے سکریٹری جناب منوج جوشی ، انویسٹ انڈیا کے منیجنگ ڈائرکٹر اور سی ای او جناب دیپک باگلا اور اسمارٹ سٹیز مشن ایم او ایچ یو اے کے مشن ڈائرکٹر اور جوائنٹ سکریٹری جناب کنال کمار نے تقریب کے افتتاحی سیشن سے خطاب کیا۔ شرکاء میں اسمارٹ سٹیز کے سینئر افسران، نجی شعبہ بنیادی ڈھانچہ اور تکنالوجی کمپنیاں اور اسٹارٹ اپس شامل تھے۔

روڈشو کے دوران، وزارت نے اسمارٹ سٹیز مشن کی پیش رفت میں نجی شعبہ کی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ شہروں کی بہترین انداز میں ترقی کے لیے اختراعی حل تلاشنے کی ضرورت ہے، اور اس سلسلے میں مشن نے نجی شعبہ کے تعاون سے 60 سے زائد شہروں میں 22000 کروڑ روپئے کے بقدر کے 228 پی پی پی پروجیکٹوں کو مکمل کر لیا ہے۔ سرمایہ کاروں کے سامنے اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ 15000 کروڑ روپئے کے بقدر کے 160 سے زائد پی پی پی  شروعاتی پروجیکٹس سرمایہ کاری اور ترقی کے لحاظ سے ، نجی شعبے کی شراکت داری سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

پروگرام نے پوری دنیا سے مسلسل شراکت داری کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ اس پروگرام نے افزوں عالمی دلچسپی حاصل کررہے اسمارٹ سٹیز پروجیکٹوں کے ساتھ، انویسٹ انڈیا کے ذریعہ تیار کردہ پورٹل ،انڈیا انویسٹمنٹ گرڈ ، جسے 195 سے زائد ممالک کی جانب سے 3.5 ملین سے زائد آراء حاصل ہوئی ہیں،  کے پاس موجود مواقع کو بھی اجاگر کیا۔

10 شہروں (رانچی، ناسک، ناگپور، سری نگر، پونے، گوالیئر، امپھال، بلاس پور، شیواموگا اور وارنگل) کے سی ای او حضرات کے ذریعہ چار شعبہ جاتی سیشنوں یعنی شہری نقل و حمل، کاروباری بنیادی ڈھانچہ اور میزبانی، تعلیم اور توانائی، میں پی پی پی مواقع پیش کیے گئے۔ ان پروجیکٹوں نے منڈی کی ازسرنو ترقی، کثیر سطحی اسمارٹ پارکنگ، شہری نقل و حمل، شمسی بجلی پیداوار، کثیر ماڈل نقل و حمل مراکز کی ترقی اور تعلیمی مرکز کے  قیام جیسے مختلف میدانوں پر احاطہ کیا ۔

اس پروگرام میں اسمارٹ سٹیز ایکو نظام میں قائم شدہ کمپنیوں  اور تیزی کے ساتھ ابھرتے اس شعبے میں شامل ہونے کے لیے دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کے علاوہ، بنیادی ڈھانچہ اور تکنالوجی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس، تجارتی انجمنوں، مالی سرمایہ کاروں اور کثیر جہتی کمپنیوں سمیت تقریباً 100 تنظیموں کے 200 سے زائد شرکاء بطور ناظرین موجود تھے۔

Recommended