مغربی بنگال میں چوتھے مرحلے کے اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری
مغربی بنگال میں چوتھے مرحلے کے اسمبلی انتخابات کے تحت آج صبح سات بجے سے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ووٹ ڈالنے کا عمل شام ساڑھے چھ بجے تک جاری رہے گا۔ اِس مرحلے کے تحت آزادانہ اور شفاف پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے سبھی ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سبھی پولنگ اسٹیشنوں پرVVPAT کی سہولیات والی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوںEVM کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ انتخابی عمل میں اور زیادہ شفافیت لائی جاسکے۔
کووڈ انیس عالمی وبا کے پیش نظر، کووڈ انیس سے متاثرہ یا اس بیماری کے مشتبہ اُن افراد کو ، ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی سہولت دی گئی ہے جنہیں حکام کی طرف سے سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے اور جو یا تو اپنے گھر میں یا کسی اسپتال میں قرنطینہ میں ہیں۔یہ سہولت معذور افراد اور 80 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو بھی دی گئی ہے۔
چوتھے مرحلے کے تحت پانچ ضلعوں کی 44 اسمبلی سیٹوں کے لیے 50 خواتین سمیت 373 امیدوار میدان میں ہیں۔ 56 لاکھ 94 ہزار خواتین اور 293 مخنثوں سمیت ایک کروڑ 15 لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان ، اِن امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی اور بر سر اقتدار اے آئی ٹی سی، سبھی 44 سیٹوں پر چناﺅلڑ رہی ہیں۔ جب کہ کانگریس بائیں بازو کی پارٹیوں اور اُن کا اتحادی انڈین سیکولر فرنٹ ، سنیکت مورچہ کے بینر تلے چناﺅلڑ رہے ہیں۔
سی پی آئی ایم نے 22 امیدوار ، بی ایس پی نے 13 کانگریس نے 9 ، اے آئی ایف بی نے 6 ، آئی ایس ایف نے چار ، آر ایس پی نے دو اور سی پی آئی نے ایک امیدوار میدان میں اتارا ہے۔ساتھ ہی مغربی بنگال میں پانچویں مرحلے کے اسمبلی انتخابات کے لیے چناﺅمہم زور پکڑتی جارہی ہے ۔
گیارہ ریاستوں میں 14 اسمبلی حلقوں کے ساتھ ساتھ ، آندھراپردیش میں تروپتی اور کرناٹک میں بیلگام کی دو لوک سبھا سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے لیے بھی چناﺅمہم جاری ہے۔