Urdu News

کمزور پڑاگردابی طوفان اسانی، بنگال پر زیادہ اثر نہیں، فی الحال بارش جاری رہے گی

کمزور پڑاگردابی طوفان اسانی، بنگال پر زیادہ اثر نہیں

کولکاتا، 12 مئی (انڈیا نیرٹیو)

خلیج بنگال میں بناگردابی طوفان اسانی آہستہ آہستہ کمزور پڑتا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کے روز کہا کہ فی الحال یہ طوفان آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں پر اس کے لینڈ فال کا کوئی امکان نہیں ہے، اس لیے یہاں جان و مال کے نقصان کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تاہم 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ لوگوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں ماہی گیروں کے سمندر میں جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ساحلی علاقوں میں سیاحوں کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ کو تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

دوسری طرف ریاست کے ساحلی اضلاع یعنی شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی مدنا پور، ہاوڑہ، ہوگلی، کولکاتا میں مسلسل بارش ہوگی۔ ان اضلاع میں بھی 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جس کی وجہ سے نقصان کا خدشہ ہے۔ اسی لیے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دارالحکومت کولکاتا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 14.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ گذشتہ چار دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.2 ڈگری سیلسیس تک گر گیا ہے، جو معمول سے چار ڈگری کم ہے، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 27.4 ڈگری سیلسیس ہے، جو معمول سے ایک ڈگری زیادہ ہے۔ فی الحال یہ بارش جمعہ تک جاری رہنیکا امکان  ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔

Recommended