Urdu News

مغربی بنگال: وزیر اعظم نے بنگلہ میں اپنے خطاب کا آغاز کیا

مغربی بنگال: وزیر اعظم نے بنگلہ میں اپنے خطاب کا آغاز کیا


مغربی بنگال: وزیر اعظم نے بنگلہ میں اپنے خطاب کا آغاز کیا

کولکاتہ ، 18 مارچ (انڈیا نیرٹیو)

 وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی مغربی بنگال میں حکومت بنانے کے لیے پوری طاقت لگادی ۔انہوں نے جمعرات کے روز پورولیا میں انتخابی مہم کے دوران بنگلہ زبان میں اپنے خطاب کا آغاز کیا۔

بنگلہ میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پورولیا میں اپنے لوگوں کے مابین یہاں آکر بہت فخر محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے علاقے کے عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جب پورا ملک آزادی کا گولڈن فیسٹیول منا رہا ہے تو اس سرزمین کے انقلابیوں کی شراکت کو سلام پیش کرنے پرفخر محسوس ہورہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پورولیا میں لوگوں کو پانی کا سب سے زیادہ مسئلہ ہے۔ پہلے بائیں بازو نے یہاں حکمرانی کی لیکن اس مسئلے کو حل نہیں کیا۔ یہاں کاشتکاروں کو آبپاشی اور مویشیوں کے لیے خاطر خواہ پانی نہیں ملتا ہے۔ خواتین کو دور جاکر پانی لانا پڑتا ہے۔ یہاں تک کہ 10 سالہ ترنمول حکومت نے بھی اس میں بہتری لانے کے لئے کچھ نہیں کیا۔ اگر بی جے پی کی حکومت آجائے گی تو یہ سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔

ممتا حکومت نے پورولیا کو پسماندگی کا شکار بنایا

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز پورولیا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی ممتا بنرجی حکومت پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی حکومت نے پچھلے دس سالوں میں پورولیا کو پسماندگی کی طرف دھکیل دیا۔ ریاستی حکومت کے اس رویہ کی وجہ سے ، پورولیا میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ پورولیا کے رہائشیوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، اس کے لئے ریاستی حکومت ذمہ دار ہے۔ اس حکومت نے پورولیا کو مکمل نظرانداز کیا۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں ترنمول حکومت پرولیا میں ایک پل بھی نہیں بناسکی ہے اور آج ترقی کی بات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح پورولیا کو پانی کے بحران سے نکالنا ہے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ جب 2 مئی کے بعد بنگال میں بی جے پی کی حکومت بنے گی تو ریاست کی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔ ریاست میں مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مرکز کے ساتھ ساتھ ریاست میں بی جے پی حکومت کے قیام سے بنگال کی ہمہ جہتی ترقی کا باعث بنے گی۔ 

وزیر اعظم نے جنگل محل کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ اس پورے خطے میں بسنے والے لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے بنگلہ زبان میں اپنے خطاب کا آغاز کیا اور کہا کہ میں رانگا مٹی کے ملک میں آکرخودکو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔

Recommended