نیول ایئر انکلیو، پوربندر میں واقع بھارتی بحریہ کے آئی این اے ایس 314 کے پانچ افسران نے 3 اگست 2022 کو ایک ڈورنیئر 228 طیارے پر سوار ہوکر شمالی بحیرہ عرب میں پہلی، صرف خواتین پر مشتمل آزاد سمندری جاسوسی اور نگرانی مشن کو مکمل کرکے تاریخ رقم کی۔ اس طیارے کی کپتانی، مشن کمانڈر لیفٹیننٹ کمانڈر آنچل شرما کررہی تھیں۔ ان کی ٹیم پائلٹ، لیفٹیننٹ شیوانگی اور لیفٹیننٹ اپوروا گیتے، اور ٹیکٹیکل و سینسر افسران، لیفٹیننٹ پوجا پانڈا اور ایس ایل ٹی پوجا شیخاوت پر مشتمل تھی۔ آئی این اے ایس 314 ایک فرنٹ لائن بحری فضائی اسکواڈرن ہے جو پوربندر، گجرات میں واقع ہے اور جدید ترین ڈورنیئر 228 میری ٹائم جاسوسی طیارے چلاتا ہے۔ اسکواڈرن کی کمان، کمانڈر ایس کے گوئل کررہے ہیں، جو ایک قابل نیوی گیشن انسٹرکٹر ہیں۔
خواتین افسران کو اس تاریخی پرواز سے قبل مہینوں کی زمینی تربیت اور مشن کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئیں۔بھارتی بحریہ مسلح افواج کو تبدیل کرنے میں سب سے آگے رہی ہے۔ یہ خواتین کو بااختیار بنانے کا ایک موثر اور اہم اقدام ہے، جس میں خواتین پائلٹوں کی شمولیت، ہیلی کاپٹر اسٹریم میں خواتین ایئر آپریشنز آفیسرز کا انتخاب اور 2018 میں پوری دنیا میں خواتین کی کشتی رانی مہم شامل ہے۔
تاہم، یہ اپنی نوعیت کا پہلا ملٹری فلائنگ مشن منفرد تھا اور اس سے خواتین افسران کو ہوا بازی کے شعبے میں زیادہ ذمہ داری اور زیادہ چیلنجنگ کردار دینے کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔ یہ شاید مسلح افواج کے لیے ایک انوکھی کامیابی ہے کہ صرف خواتین افسروں کے دستے نے کثیر المقاصد میری ٹائم نگرانی والے طیارے میں ایک آزاد آپریشنل مشن کو انجام دیا۔