وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو یہاں مرکز اور ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت کو ترقی کا مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب ڈبل انجن والی حکومت ہوتی ہے تو پھر دوگنی رفتار کے ساتھ کام ہوتا ہے۔
وزیر اعظم آج گورکھپور میں 9600 کروڑ روپے سے زیادہ کے تین بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کرنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس میں گورکھپور فرٹیلائزر پلانٹ، گورکھپور ایمس کیمپس اور آئی سی ایم آر-ریجنل میڈیکل ریسرچ سینٹر (آر ایم آر سی) گورکھپور کی نئی عمارت کا افتتاح شامل ہے۔ وزیر اعظم نے 22 جولائی 2016 کو گورکھپور فرٹیلائزر پلانٹ اور گورکھپور ایمس کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جب ڈبل انجنوں کی حکومت ہوتی ہے تو کام بھی تیز ہوتا ہے۔ نیک نیتی سے کام کیا جائے تو آفتیں بھی رکاوٹ نہیں بنتیں۔ جب کوئی ایسی حکومت ہوتی ہے جو غریبوں، استحصال زدہ افراد کا خیال رکھتی ہے تو وہ نتائج دکھاتی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے کام کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوگی نے گزشتہ برس میں گنے کے کسانوں کے لیے بے مثالی کام کیا ہے۔ گنے کے کاشتکاروں کے لیے منافع بخش قیمت، حال ہی میں 300 روپے تک بڑھائی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے کی دو حکومت نے 10 برس میں گنے کے کاشتکاروں کو جتنی ادائیگی کی تھی اتنی یوگی حکومت نے اپنے ساڑھے چار برس میں کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا، 5 سال پہلے میں یہاں ایمس اور کھاد کی فیکٹری کا سنگ بنیاد رکھنے آیا تھا۔ آپ نے مجھے آج ان دونوں کو ایک ساتھ لانچ کرنے کا شرف بخشا ہے۔ ا?ئی سی ایم ا?ر کے علاقائی طبی تحقیقی مرکز کو بھی آج اپنی نئی عمارت مل گئی ہے۔ میں یوپی کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے یوریا کا غلط استعمال روکا، یوریا کی 100 فیصد نیم کوٹنگ کی۔ ہم نے کروڑوں کسانوں کو سوائل ہیلتھ کارڈ دیے ہیں تاکہ وہ جان سکیں کہ ان کے کھیتوں کو کس قسم کی کھاد کی ضرورت ہے۔ ہم نے یوریا کی پیداوار بڑھانے پر زور دیا۔