Urdu News

شیرکاعالمی دن: بھارت میں شیروں کی آبادی میں کئی سالوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے: پی ایم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی

نئی دہلی، 10 اگست (انڈیا نیرٹیو)

منگل کو شیر کے عالمی دن کے موقع پر شیروں کے تحفظ کے بارے میں سنجیدہ لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آپ کو یہ جان کر بہت خوشی ہوگی کہ بھارت میں شیروں کی آبادی میں پچھلے کچھ سالوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

ٹویٹس کی ایک سیریز میں، وزیر اعظم مودی نے کہا، "شیر شاندار اور بہادر ہیں۔ بھارت کو ایشیائی شیروں کا گھر ہونے پر فخر ہے۔ شیر کے عالمی دن پر، میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو شیروں کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں۔ یہ جان کر آپ کو بہت خوشی ہوگی کہ ہندوستان میں شیروں کی آبادی میں پچھلے کچھ سالوں میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں گیرکے شیروں کی کئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جب وہ گجرات کے وزیراعلیٰ تھے، انہیں گیر کے شیروں کے محفوظ مسکن کو یقینی بنانے کی طرف کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ شیروں کی محفوظ پناہ گاہ کو یقینی بنانے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے، انہوں نے کئی اقدامات کیے، بشمول مقامی کمیونٹیز اور عالمی بہترین طریقوں کو اپنانا۔

قابل ذکر ہے کہ 2020 کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں 674 شیر ہیں جبکہ 2015 میں یہ تعداد 523 تھی۔ یہ پچھلے پانچ سالوں میں بنیادی طور پر گیرکے جنگلات میں رہنے والے ایشیائی شیروں کی تعداد میں 29 فیصد اضافہ ہے۔

شیروں کاعالمی دن: گجرات میں ایشیائی شیروں کی تعداد 674 ہے: بھوپندر یادو

آج شیروں کا عالمی دن ہے۔ ہر سال 10 اگست کو شیروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر مرکزی جنگلات، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر بھوپندر یادو نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ آج کے دن گجرات میں ان کے تحفظ کی کامیابی کی کہانی سب کو بتائی جائے۔

پچھلے کچھ سالوں میں 674 ایشیائی شیروں نے گجرات کے 30ہزار مربع کلومیٹر میں رہائش شروع کر دی ہے۔ پچھلے پانچ سالوں میں شیروں کی تعداد میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ہمیں ان شیروں کو محفوظ رکھنے اور ان کی کھوئی ہوئی زمین ان کو واپس کرنے میں تعاون کرنا چاہیے۔ محکمہ جنگلات کے اعداد و شمار کے مطابق 2015 میں کی گئی مردم شماری کے دوران یہاں 523 ایشیائی شیر تھے۔ پانچ سالوں میں یہاں 151 شیروں میں اضافہ ہوا ہے اور اب ان کی تعداد بڑھ کر 674 ہوگئی ہے۔

Recommended