تیسرے مرحلے میں اب تک 30 فیصد سے زیادہ پولنگ ، پورنیہ کے ایک بوتھ پر فائرنگ

پٹنہ، 07 نومبر ( انڈیا نیرٹیو)

بہار اسمبلی انتخابات 2020 میں آخری مرحلے یعنی تیسرے مرحلے میں 78 اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ تیسرے مرحلے میں 1204 امیدوار میدان میں ہیں ۔جن میں 1094 مرد ، 110 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ تیسرے مرحلے میں 78 اسمبلی حلقوں میں انتخابات کے علاوہ والمیکی نگر پارلیمانی حلقہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے بھی ووٹنگ جاری ہے۔ اس سے پہلے بہار انتخابات کے پہلے مرحلے میں 28 اکتوبر کو 71 اور دوسرے مرحلے میں 3 نومبر کو 94سیٹوں کے لیے پولنگ مکمل ہوچکی ہے۔ اب ہفتہ کو ووٹنگ کے آخری مرحلے کے ساتھ ہی بہار اسمبلی انتخابات مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے۔ تیسرے مرحلے میں 23554071 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ایک بجے تک چھاتا پور میں 38 فیصد، نرمالی میں 21.43 فیصد ، پپرا میں 35.73 فیصد، سوپول میں 33.24 فیصد اور ترونی گنج میں 23 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔

پورنیہ ضلع کےمرنگا تھانہ کے تحت ست کودرپنچایت کے علی نگر بوتھ نمبر 282پر بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے پہنچے۔ کورونا متاثرہ کو دیکھتے ہوئے ڈیوٹی پر تعینات جوانوں نے ووٹروں کو لائن میں لگنے کی صلاح دی۔ اچانک ووٹروں نے قطار توڑنا شروع کر دیا جسے لے کرجوانوں نے سمجھایا ۔ لیکن ووٹر اور جوانوں کے درمیان اس کو لے کر تنازع بڑھنا شروع ہوگیا اور ووٹروں نے جوانوں پر حملہ کر دیا۔ اس کے بعد نیم فوجی دستہ کے ذریعہ ہوائی فائرنگ کی گئی۔ ووٹنگ میں مداخلت نہیں کی گئی ہے۔

کٹیہارمیں پر امن ووٹنگ کے دوران میں فلکا تھانہ علاقہ کے بوتھ نمبر 86 پر ہجوم کو قابو کرنے کے دوران سیکوریٹی اہلکار وں نے طاقت کا استعمال کیا ہے۔ اس سے 2 ووٹر زخمی ہوگئے ہیں۔ دونوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔

ارریہ کے سکٹی اسمبلی حلقہ میں مڈل اسکول بیل باڑی بوتھ نمبر 157 اور 158 کے باہر نیم فوجی دستہ کے ذریعہ لوگوں کو ہنگامہ آرائی کرنے پر مجبور کیا۔ مشتعل ووٹروں نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کر دیا ۔

موتیہاری کے سگولی اسمبلی حلقہ کے بوتھ نمبر 148 اے بڑوا کے لوگوں نے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا ہے۔ یہاں 570 ووٹ ہیں۔