Urdu News

مقصودوفا کے اشعار زبان زدِ عام ہونا ان کی عوامی مقبولیت کامنہ بولتاثبوت ہیں:مجید اختر

مقصودوفا کے اشعار زبان زدِ عام ہونا ان کی عوامی مقبولیت کامنہ بولتاثبوت ہیں:مجید اختر

 مقصود وفا کی آمد امریکہ کی ادبی برادری کے لئے اعزاز ہے:تسنیم عابدی

 (ابوشحمہ انصاری)

امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں اردو کا بڑا میلہ، جشنِ مقصود وفا میں امریکہ اور پاکستان بھر سے نمائندہ افراد کی شرکت۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف شاعر،مصور اور ادیب مقصود وفا کے اعزاز میں ایک عظیم الشان “جشنِ مقصود وفا” کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان اور امریکہ میں مقیم اردو کے بڑے شعراء نے شرکت کی۔

 پروگرام کی صدارت سینئر شاعر مجید اختر نے کی ۔پاکستان سے آئے ہوئے محبوب ظفر، ڈاکٹرفخر عباس مہمانان خصوصی تھے جبکہ مہمانان اعزاز کی نشستوں پر محترمہ تسنیم عابدی، غضنفر ہاشمی، ڈاکٹر ظفر عباس تقوی، ڈاکٹر افضال فردوس، خالد خواجہ اور مظہر امام تشریف فرما تھے۔ پروگرام کےمیزبان  سید الطاف بخاری نے کہا کہ مقصود وفا کی شاعری ایک عہد کی ترجمانی کرتی ہے۔

 ان کے شعر رومانویت، انقلاب اور تحریک کا ایسا استعارہ ہیں جو بہت کم شعراء کے حصے میں آتا ہے۔ مقصود وفا کے کلام میں جس قدر دلچسپی عام قاری کیلئے ہے اس سے کہیں بڑھ کر اردو شعراء کو نئی جہتوں کی طرف رہنمائی ملتی ہے۔ بزرگ شاعر جناب مجید اختر نے کہا کہ مقصود وفا نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ اور انڈیا میں بھی یکساں مقبول ہیں۔

 ان کے اکثر اشعار زبان زد عام ہیں جو کہ ان کی عوامی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ مقصود وفا کی شاعری لطف اور موسیقیت کے ساتھ ساتھ فنی اعتبار سے بھی قابل تقلید ہے۔محترمہ تسنیم عابدی نے مقصود وفا کو امریکہ آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد نہ صرف ہیوسٹن بلکہ پورے امریکہ کی ادبی برادری کیلئے اعزاز ہے۔

انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز امریکہ کے صدر، نامور شاعر، اینکر پرسن غضنفر ہاشمی نے انجمن تقدیس ادب کی طرف سے شہر ادب ایوارڈ کے اجراء اور پہلے ایوارڈ کیلئے مقصود وفا کے انتخاب کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مجید اختر، الطاف بخاری، ایاز مفتی اور دیگر میزبانوں نے مقصود وفا کو “شہر ادب ایوارڈ” اور سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صاحبِ جشن مقصود وفا نے کہا کہ ہیوسٹن کی ادبی برادری نے مجھے جس عزت اور پذیرائی سے نوازا ہے ، وہ برسوں یاد رہے گی۔

 انہوں نے الطاف بخاری اور دیگر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور امریکہ میں اردو ادب کے فروغ کیلئے تمام شعراء کے کردار پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جشن مقصود وفا کی دوسری نشست میں ایک یادگار مشاعرہ کا انعقاد کیا گیاجس میں ڈاکٹر خالد رضوی، ڈاکٹر مظہر امام، ڈاکٹر گلزار نتھانی، رعنا حسین، سید ایاز مفتی، سید الطاف بخاری، ڈاکٹر ظفر تقوی، محترمہ تسنیم عابدی، خالد خواجہ، غضنفر ہاشمی، محبوب ظفر، ڈاکٹر فخر عباس، صاحب جشن مقصود وفا اور صدرِ محفل مجید اختر نے اپنا اپنا کلام سنا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔

 انجمن تقدیس ادب اور ادارہ سخن گر کے زیر اہتمام منعقدہ اس جشن کی شاندار کامیابی پر دنیا بھر کے ادبی حلقوں کی طرف سے مبارک بادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Recommended