Urdu News

امجد اسلام امجد:مشہور اردو شاعر، ڈراما نگار اور نقاد کی موت سے دنیا سوگوار

امجد اسلام امجد

امجد اسلام امجد (پیدائش: 4 اگست 1944وفات: 10 فروری 2023) پاکستان سے تعلّق رکھنے والے اردو شاعر، ڈراما نگار اور نقاد ہیں۔ 1967 میں پنجاب یونیورسٹی سے فرسٹ ڈویژن میں ایم اے (اردو) کیا۔ 1968 تا 1975 ایم اے او کالج لاہور کے شعبہ اردو میں استاد رہے۔ اگست 1975 میں پنجاب آرٹ کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر ہوئے۔

نوے کی دہائی میں ان کو دوبارہ ان کی خدمات محکمہ تعلیم کے سپرد کر دی گئیں اور دوبارہ ایم اے او کالج میں ہی شعبہ تدریس سے منسلک ہو گئے۔ یہاں سے ان کی تعیناتی بطور ڈائریکٹر چلڈرن کمپلکس ہوئی اور وہیں سے انہوں نے ریٹائرمنٹ لی۔ 1975 میں ٹی وی ڈراما (خواب جاگتے ہیں ) پر گریجویٹ ایوارڈ ملا۔

اس کے علاوہ مشہور ڈراموں میں وارث (ڈراما)، دن، فشار (ڈراما)، شامل ہیں۔ ایک شعری مجموعہ برزخ اور جدید عربی نظموں کے تراجم عکس کے نام سے شائع ہوچکے ہیں جب کہ افریقی شعرا کی نظموں کا ترجمہ کالے لوگوں کی روشن نظمیں کے نام سے لاہور سے شائع ہوا۔ اس کے علاوہ تنقیدی مضامین کی ایک کتاب (تاثرات) بھی ان کی تصنیف کردہ ہے۔

امجد اسلام امجد کا شمار اردو کے بہترین اساتذہ میں ہوتا ہے ۔ امجد اسلام امجد اور عطا الحق قاسمی دونوں ہی ایم اے او کالج میں اردو پڑھاتے رہے ہیں۔ان کے کام کے لیے انہیں بے شمار ملکی اور غیر ملکی ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ 80 کی دہائی میں انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ پی ٹی ایوارڈ اور نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

کہاں آ کے رکنے تھے راستے کہاں موڑ تھا اسے بھول جا

وہ جو مل گیا اسے یاد رکھ جو نہیں ملا اسے بھول جا

امجد اسلام امجد 10 فروری 2023 کی صبح حرکت قلب بند ہونے سے لاہور میں انتقال کر گئے ۔ امجد اسلام امجد اپنے بھائی کے انتقال کے بعد سے سخت پریشانی کاشکار تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں 10 فروری علی الصبح دل کا دورہ پڑنے پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

Recommended