Urdu News

جدید اردو غزل کے بنیاد سازوں میں شامل ایک اہم نام :ناصر کاظمی

شاعر ناصر کاظمی

اعجاز زیڈ ایچ

آج08؍دسمبر 1923جدید اردو غزل کے بنیاد سازوں میں شامل ، ہندوستان کے شہر انبالہ میں پیدا ہوئے اور پاکستان ہجرت کر گئے جہاں انہوں نے تقسیم اور ہجرت کی تکلیف اور اثرات کو موضوع سخن بنانے والے معروف شاعر” ناصرؔ کاظمی صاحب “ کا یومِ ولادت ہے۔

ناصر رضا کاظمی نام اور ناصرؔ تخلص تھا۔ ٨؍دسمبر ۱۹۲۳ کو انبالہ(ہندستان) میں پیدا ہوئے۔اسلامیہ کالج لاہور سے ایف اے پاس کرنے کے بعد بی اے میں پڑھ رہے تھے کہ چند وجوہ کی بنا پر امتحان دیے بغیر وطن انبالہ واپس چلے گئے۔۱۹۴۷ میں دوبارہ لاہور آگئے۔ایک سال تک ’’اوراقِ نو‘‘ کے عملہ ادارت میں شامل رہے۔

 اکتوبر۱۹۵۲ سے ’’ہمایوں‘‘ کی ادارت کے فرائض انجام دینا شروع کیے۔ ناصر کی شعر گوئی کا آغاز ۱۹۴۰ سے ہوا۔

 حفیظؔ ہوشیارپوری سے تلمذ حاصل تھا۔ قیام پاکستان کے بعد اردو غزل کے احیا میں ان کا نمایاں حصہ ہے۔

۲؍مارچ ۱۹۷۲ کو لاہور میں انتقال کرگئے۔ ان کی تصانیف کے نام یہ ہیں:

’برگ نے‘،’دیوان‘،’پہلی بارش‘،’خشک چشمےکے کنارے‘ (مضامین) ’نشاطِ خواب‘، ’انتخاب نظیر اکبرآبادی‘،کلیات ناصر کاظمی بھی چھپ گئی ہے۔

بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:155

مشہور و معروف شاعر ناصؔر کاظمی کے یومِ ولادت پر منتخب اشعار بطور خراجِ عقیدت

اے دوست ہم نے ترکِ محبت کے باوجود

محسوس کی ہے تیری ضرورت کبھی کبھی

دل دھڑکنے کا سبب یاد آیا

وہ تری یاد تھی اب یاد آیا

تیری مجبوریاں درست مگر

تو نے وعدہ کیا تھا یاد تو کر

ذرا سی بات سہی تیرا یاد آ جانا

ذرا سی بات بہت دیر تک رلاتی تھی

مجھے یہ ڈر ہے تری آرزو نہ مٹ جائے

بہت دنوں سے طبیعت مری اداس نہیں

جدائیوں کے زخم درد زندگی نے بھر دیے

تجھے بھی نیند آ گئی مجھے بھی صبر آ گیا

Recommended