Urdu News

بزمِ ایوانِ غزل کا ماہانہ طرحی مشاعرہ منعقد

بزمِ ایوانِ غزل کا ماہانہ طرحی مشاعرہ منعقد

سعادت گنج،بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)

 “بزمِ ایوانِ غزل” کا ماہانہ طرحی مشاعرہ آئیڈیل انٹر کالج محمد پور باہوں کے وسیع ہال میں الحاج بدرالدجٰی بدر انصاری کی سرپرستی اور کہنہ مشق استاد شاعر آزاد رامپوری کی صدارت میں منعقد ہوا جبکہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے مشاعرے میں معروف دانشور، شاعر و ادیب امیر حمزہ اعظمی،حامد مصطفٰی آبادی، شمیم بارہ بنکوی، ارشاد انصاری اور عدیل منصوری نے شرکت فرمائی۔ اس طرحی مشاعرہ کی نظامت کے فرائض نوجوان نسل کے نمائندہ شاعر راشد ظہور سیدنپوری نے انجام فرمائے ، مشاعرہ کا آغاز طالب نور نے نعتِ پاک سے کیا اس کے بعد دئے گئے مصرع

 “مگر تمہارا ابھی انتظار باقی ہے”

پر باقاعدہ مشاعرہ کی ابتداء ہوئی مشاعرہ بے انتہا کامیاب رہا بہت زیادہ پسند کئے گئے اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے ملاحظہ فرمائیں ۔

وہ لمحہ جو تھا بہت پائدار باقی ہے

صدی صدی کو مرا انتظار باقی ہے

آزاد رامپوری

خرد کے بدلے جنوں بیچنے کو نکلا ہوں

کہ اب تو صرف یہی کاروبار باقی ہے

امیر حمزہ اعظمی

وبالِ جاں نہیں نعمت ہے مجھ کو بیماری

تمہارے جیسا جو تیماردار باقی ہے

ذکی طارق بارہ بنکوی 

جہنمی نہ کہو مجھ کو ناصحا میرے

ابھی تو رحمت پرور دگار باقی ہے

عدیل منصوری

جو کچھ نہیں تو دلِ داغدار باقی ہے

یہ میرے پاس تری یادگار باقی ہے

ہذیل لعل پوری

ابھی بہت نہیں بدلا ہے ملک کا ماحول

ابھی دلوں میں یہاں سب کے پیار باقی ہے

حامد مصطفٰی آبادی

نجات مل تو گئی ہے غم محبت سے

اب اس کے بعد غم روزگار باقی ہے

کلیم طارق

ہماری فکر کے دیکھو گے معجزے اک دن

ہمارے فن کا ابھی شاہکار باقی ہے

راشد ظہور

تمہارا ٹوٹا ہوا آئینہ تو پھینک آئے

تمہارا ٹوٹا ہوا اعتبار باقی ہے

شمیم بارہ بنکوی

ابھی سکوں ہے سلامت قرار باقی ہے

کہ مجھ پہ رحمت پرور دگار باقی ہے

مشتاق بزمی

خلوص باقی ہے سینے میں پیار باقی ہے

بہ فضلِ رب ابھی میرا وقار باقی ہے

اسلم سیدنپوری

ابھی سے ڈال دی تم نے سپر مرے آگے

کہ جنگ ہونا ابھی آر پار باقی ہے

شفیق رامپوری

مٹھاس لب پہ نہ آنکھوں میں عار باقی ہے

کہوں میں کیسے تمہارا وقار باقی ہے

ظہیر رامپوری

یہ بات اور ہے آنکھوں میں روشنی نہ رہی

مگر تمہارا ابھی انتظار باقی ہے

آفتاب جامی

اب آ بھی جا اے مرے یار کہ جمے محفل

سب آگئے ہیں ترا انتظار باقی ہے

سحر ایوبی

ادب نواز تو سب آچکے ہیں محفل میں

مگر تمہارا ابھی انتظار باقی ہے

صغیر قاسمی

سنو اے گردشو ماں تو نہیں ہیں زندہ مری

مگر دعاؤں کا ان کی حصار باقی ہے

 طالب نور

ان شعرا کے علاوہ بدرالدجٰی بدر، دانش رامپوری، دلکش چوکھنڈوی، ابوذرو انصاری، قمر سکندر پوری، باسط رامپوری، نعیم سکندر پوری، اظہار حیات، غیرہ نے بھی اپنا اپنا طرحی کلام  پیش کیا سامعین میں ماسٹر محمد وسیم ، ماسٹر محمد قسیم ، ماسٹر محمد حلیم ، محمد سفیان اعطاق، ماسٹر راشد انصاری صاحبان کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں ۔ بزمِ ایوانِ غزل کا قآئندہ ماہانہ طرحی مشاعرہ درج ذیل مصرع پر بتاریخ 19/ مارچ بروز اتوار ہوگا ۔

 “ہم کو اچھا نہیں لگتا ہے سیاست کا مزاج”

قافیہ:- سیاست

ردیف:- کا مزاج

Recommended